0
Sunday 21 Mar 2010 12:09

کوئٹہ،ٹارگٹ کلنگ میں مزید 3 افراد جاں بحق،شیعہ علماء کونسل کا 3روزہ سوگ کا اعلان

کوئٹہ،ٹارگٹ کلنگ میں مزید 3 افراد جاں بحق،شیعہ علماء کونسل کا 3روزہ سوگ کا اعلان
کوئٹہ:اسلام ٹائمز-روزنامہ جسارت کے مطابق کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔پولیس نے واقعہ کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے جبکہ ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان ہلاکتوں پر سخت احتجاج کرتے ہوئے بروڑی روڈ کو بلاک کر دیا۔ٹارگٹ کلنگ کا یہ واقعہ ہفتہ کو کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر اختر آباد کے قریب سردہ کاریز میں اس وقت پیش آیا جب ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 نامعلوم افراد نے سبزیوں سے بھری گاڑی پر کلاشنکوف سے فائرنگ کی،جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 3 افراد جان محمد ، رمضان علی اور محمد علی جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
گزشتہ 4 دنوں کے دوران کوئٹہ اور صوبے کے مختلف حصوں میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 15 سے زائد افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو چکے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشن کوئٹہ حامد شکیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ مذہبی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ ہے کیونکہ اس میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق شیعہ فرقے سے ہے۔ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش کے لیے شہر کے مختلف راستوں کی ناکہ بندی کر دی ہے۔لیکن آخری اطلاع تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور نہ ہی کسی گروپ نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔حملے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والوں نے بروڑی تھانے کے باہر شدید احتجاج کیا اور بروڑی روڈ کو بلاک کر دیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے قاتلوں کی جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالخالق ہزارہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران صرف کوئٹہ میں 400 سے زیادہ شیعہ افراد فرقہ وارانہ دہشت گردی میں مارے جا چکے ہیں جن میں سے 200 سے زیادہ کا تعلق ہزارہ قبیلے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت کوئٹہ شہر کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔انہوں نے تمام قوم پرست جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ بلوچستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
دریں اثناء بلوچستان شیعہ علماء کونسل نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔



خبر کا کوڈ : 22332
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش