0
Friday 28 Dec 2012 00:18

پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی کا نائن زیرو کا دورہ، الطاف حسین سے بات چیت

پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی کا نائن زیرو کا دورہ، الطاف حسین سے بات چیت
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ مسلح افواج کے سربراہان اور سیاسی و مذہبی جماعتیں پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے ایک نکتہ پر متحد ہوکر فیصلہ کن معرکہ شروع کردیں۔ انہوں نے یہ بات ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد کو دورہ کرنے والے پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی اور ان کے وفد کے دیگر ارکان سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اور صوبائی وزراء بھی موجود تھے۔ الطاف حسین نے پاکستان علماء کونسل کے وفد کو نائن زیرو آمد پر خوش آمدید کہا اور وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دن رات یہی کوشش ہے کہ پاکستان کو دنیاوی خطرات سے کس طرح محفوظ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے رہنے والوں کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے صرف دعائیں نہ کریں بلکہ عملی کوششیں کریں۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں وقت کی نزاکت کا احساس کریں اور دہشت گردی اور قتل و غارت گری کے خلاف متحد ہوجائیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ مسلح افواج کے سربراہان اور ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے متحد ہوکر فیصلہ کن معرکہ شروع کردیں۔ مسلح افواج نے ملک کو محفوظ بنانے کیلئے پہلے بے مثال قربانیاں دیں، وقت آگیا ہے کہ ایک مرتبہ پھر پوری قوم ملک کو بچانے کے ایک نکتہ پر متحد ہوجائے۔ الطاف حسین نے کہا کہ ہم ملک سے جبر کے نظام کے خاتمہ اور عدل و انصاف کے نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم خلفائے راشدین کا دور اور ان کی سادگی دیکھتے ہیں اور اپنے حکمرانوں سے اس کا موازنہ کرتے ہیں تو سر شرم سے جھک جاتے ہیں۔ الطاف حسین نے وفد سے کہا کہ نائن زیرو کے علاوہ پورے پاکستان میں میری کوئی جائیداد نہیں، ایم کیو ایم 1987ء سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے، ایم کیو ایم کے نمائندے میئر، ڈپٹی میئر ناظمین، ایم این ایز، ایم پی ایز اور سینیٹرز منتخب ہوئے اور ایم کیو ایم کئی بار حکومتوں کا حصہ رہی۔ میں چاہتا تو ملک بھر میں میرے بڑے بڑے محلات ہوتے لیکن میں نے اپنی جماعت کو اپنی ذات کے مفاد کیلئے استعمال نہیں کیا اور اللہ تعالیٰ نے مجھے مفاد پرستی، دھوکہ بازی اور بے ایمانی سے محفوظ رکھا۔

اس موقع پر پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے خیالات سے اتفاق کیا اور ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے اپنی بھرپور تائید و حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے ملک میں خلافت راشدہ کے نظام انصاف کے نفاذ کے بارے میں الطاف حسین کے بیان کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا یہ بیان مذہبی جماعتوں ہی کی نہیں بلکہ پورے ملک کی آواز ہے اور پاکستان کے سارے عوام کا نعرہ ہے کہ جبر کا نظام ختم ہو اور خلافت راشدہ کا عدل و انصاف کا نظام قائم ہو۔ حافظ طاہر اشرفی نے الطاف حسین سے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے بارے میں بعض عناصر کی جانب سے بہت پروپیگنڈے کئے گئے لیکن ایم کیو ایم کی مثبت سیاست اور آپ کے عملی اقدامات نے تمام تر پروپیگنڈوں کو غلط ثابت کردیا اور ایم کیو ایم کی قیادت نے علماء اور مدارس کے طلبہ کے قتل اور دہشت گردی کے واقعات پر جس طرح واضح مؤقف اختیار کیا اور جس طرح ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اس نے علماء اور طلبہ کے دل جیت لئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 225637
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش