0
Monday 24 Dec 2012 13:14

مختلف مذہبی شخصیات کا الطاف حسین کی جانب سے خلافت راشدہ کے قیام کے بیان کا خیر مقدم

مختلف مذہبی شخصیات کا الطاف حسین کی جانب سے خلافت راشدہ کے قیام کے بیان کا خیر مقدم
اسلام ٹائمز۔ مختلف مذہبی اور دینی شخصیات نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے پاکستان میں خلافت راشدہ جیسے نظام انصاف کے قیام کے بارے میں ان کے بیان کا پر زور خیر مقدم کیا ہے۔ جامعہ بنوریہ سائٹ کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے الطاف حسین کے نام اپنے خط میں کہا کہ ہمیں آپ کا یہ بیان پڑھ کر انتہائی دلی مسرت ہوئی اور ناقابل بیان خوشی ہوئی کہ آپ ملک میں خلافت راشدہ جیسے انصاف پر مبنی نظام انصاف کے حامی اور خواہشمند ہیں۔ مفتی محمد نعیم نے کہا کہ یقیناً یہی سوچ پاکستان کے مسلمانوں کے دلوں کی دھڑکن ہے جس کیلئے ہمارے اجداد اور بزرگوں نے قربانیاں دیں اور جس کی خواہش کا اظہار آپ نے کیا ہے۔ مفتی محمد نعیم نے الطاف حسین کے نام خط میں مزید کہا کہ آپ کی اس بات کو تمام مذہبی طبقہ خصوصاً وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے وابستہ تمام علمائے کرام نے بہت سراہا ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ نظام خلافت راشدہ کے عنوان سے بھرپور کانفرنس کا انعقاد کیا جانا چاہیے جس میں علمائے کرام کو مدعو کرکے اس پیغام کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کی جائے۔

پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی نے الطاف حسین کو فون کرکے انہیں علماء کونسل کے تمام ارکان کی جانب سے ان کے بیان پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا یہ بیان تمام نہ صرف دینی حلقوں بلکہ انصاف کے نظام کی خواہش رکھنے والے تمام عوام کے دل کی آواز ہے۔ آپ نے خلافت راشدہ جیسے نظام انصاف کے قیام کی خواہش ظاہر کرکے ہم سب دل جیت لئے ہیں اور ہم اس بیان پر آپ کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

دریں اثناء تنظیم العلماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اورمدرسہ اسلامیہ فاروق اعظم کے بانی و مہتمم قاری اللہ داد نے بھی اپنے ایک بیان میں الطاف حسین کی جانب سے پاکستان میں خلافت راشدہ جیسے نظام انصاف کے قیام کے بارے میں بیان کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ الطاف بھائی کی اس تجویز پر اہلیان پاکستان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ قاری اللہ داد نے کہا کہ کامیاب نظام مملکت کیلئے خلفائے راشدین سے بہتر نظام پوری دنیا پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی سوچ و فکر اور نظریہ ملک کی بھلائی اور خیر خواہی کیلئے ہے اور یہی سوچ ملک کے بارے میں بہت مثبت اور بہتر انداز میں تبدیلی لائے گی، ہم اپنی اور اپنے تمام رفقاء کی طرف سے الطاف بھائی کے خیالات کی بھرپور تائید کرتے ہیں اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 224398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش