0
Friday 18 Jan 2013 12:26

انتخابات میں امریکی ایجنٹوں کا ڈٹ کا مقابلہ کریں گے، جے یو آئی

انتخابات میں امریکی ایجنٹوں کا ڈٹ کا مقابلہ کریں گے، جے یو آئی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کراچی کی مجلس عاملہ کا اجلاس امیر کراچی قاری محمد عثمان کی زیر صدارت جامعہ حفصہ ہارون آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں ملک کی موجودہ بحرانی سیاسی صورت حال، کراچی میں بدامنی، مدارس دینیہ پر پے در پے حملوں، علماء اور طلباء کی ٹارگٹ کلنگ، سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی میں ووٹرز کی تصدیق و تصحیح کا حکم، انتخابات کی تیاری اور تنظیمی اُمور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علمائے اسلام انتخابات میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے سیکولر اور امریکی ایجنٹوں کا ڈٹ کا مقابلہ کرے گی۔ اس موقع پر امیر کراچی کی قیادت میں مذاکراتی کمیٹی قائم کی گئی جو پہلے مرحلے میں تمام اپوزیشن اور دینی جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔

اجلاس میں کراچی میں جاری بدامنی، قتل و غارت گری، جامعہ احسن العلوم اور جامعہ انوار العلوم کے طلباء کی ٹارگٹ کلنگ اور پے در پے حملے، علماء اور طلباء کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایم پی اے منظر امام کے قتل کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں سرپرست اعلیٰ قاری شیر افضل خان، مولانا محمد غیاث، مفتی محمد حسن لانگا، مولانا گل محمد تالونی، مولانا حماد اللہ شاہ، مولانا حلیم الرحمن قریشی، مولانا عمر صادق، قاضی فخر الحسن، ڈاکٹر نصیر الدین سواتی، مفتی عبد الحق عثمانی، قاری غلام یاسین، قاری امین الحق آزاد، قاری میر حسن، انجینئر محمد سلیم، مولانا گل رفیق، مولانا عبدالرزاق، مولانا پیر فضل حق اور دیگر نے شرکت کی۔

جمعیت علمائے اسلام کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں اسلام آباد میں جاری قادری شو کے نام سے ہونے والے ڈرامہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ تبدیلی کا راستہ صرف انتخابات ہیں اور انتخابات کو ملتوی کرنے اور جمہوریت کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 232287
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش