0
Saturday 9 Feb 2013 17:49

افضل گورو کی پھانسی کیخلاف لاہور میں جماعت الدعوۃ کا احتجاجی مظاہرہ

افضل گورو کی پھانسی کیخلاف لاہور میں جماعت الدعوۃ کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ بھارتی پارلیمنٹ پر حملے کے الزام میں افضل گورو کو پھانسی دینے کیخلاف پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ لاہور میں دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما اور امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید، جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ حافظ عبدالرحمن مکی، تحریک حرمت رسول (ص) کے کنوینئر مولانا امیر حمزہ، تحریک آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین حافظ سیف اللہ منصور، امیر جماعۃالدعوۃ آزاد کشمیر مولانا عبدالعزیز علوی، مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما مولانا محمد شفیع جوش و دیگر نے کہا کہ افضل گورو کی پھانسی عدالتی قتل ہے، ایسے مذموم اقدامات سے تحریک آزادی جموں کشمیر کو ختم نہیں کیا جا سکتا کشمیری قوم کا بچہ بچہ اس فیصلہ کے خلاف میدان میں نکلے گا اور تحریک آزادی مزید مضبوط ہو گی، افضل گورو کی پھانسی پر کشمیریوں سمیت پوری پاکستانی قوم میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے اور کشمیر کی طرح پاکستان بھر میں شدید ردعمل پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک متنازع مسئلہ ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی کے لئے عملی طور پرجدوجہد جاری رکھنے والے سیاسی یا جنگی قیدی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے خلاف فوجداری قوانین کے تحت مقدمات چلانا یا انھیں تاحیات عمر قید یا پھانسی کی سزائیں سنانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ بھارتی عدلیہ کشمیریوں کے معاملہ میں انتہائی جانبداری سے کام لے رہی ہے، کشمیریوں کے حق میں اٹھنے والی ہر آواز کو دبانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں بغیر کسی جرم کے جیلوں میں بند حریت رہنماؤں اور کارکنان کو تاحیات عمر قید کی سزائیں سنائی جا رہی ہیں تو دوسری طرف افضل گورو کو بھارت میں پارلیمنٹ پر حملہ کے جھوٹے مقدمہ میں گرفتار کر کے اپنی صفائی کا موقع دیے بغیر پھانسی دے دی گئی ہے جس سے بھارت کا مذموم چہرہ ایک بار پھر کھل کر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔

جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ افضل گورو کوئی جرائم پیشہ شخص نہیں بلکہ وہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کا ایک زبردست ہیرو ہے جس نے اپنے قومی کاز کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ پوری کشمیری وپاکستانی قوم افضل گورو سے محبت اور ان کا احترام کرتی ہے، انہیں پھانسی کے پھندے پر لٹکانا پوری کشمیری قوم پر حملہ ہے، اس عمل کو کسی طور منصفانہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ تحریک حرمت رسول(ص) کے کنوینئر مولانا امیر حمزہ، تحریک آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین حافظ سیف اللہ منصور، امیر جماعۃالدعوۃ آزاد کشمیر مولانا عبدالعزیز علوی ،مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما مولانا محمد شفیع جوش و دیگر نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر جاری ہے اور جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی ہر ممکن حمایت کی جائے گی انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، افضل گورو کے خلاف نہ تو کھلی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا اور نہ ہی انہیں ٹرائل کے دوران وکیل کی خدمات فراہم کی گئیں بلکہ محض پولیس کی تیار کی گئی کہانی کی بنیاد پر انھیں مجرم قرار دیکر پھانسی دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افضل گورو کو پھانسی دینے سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کمزور نہیں بلکہ اور زیادہ مضبوط ہو گی، اس طرح کی حرکتوں سے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا۔
خبر کا کوڈ : 238387
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش