0
Saturday 9 Feb 2013 03:28

امت مسلمہ اسلام دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن جائے، حافظ محمد سعید

امت مسلمہ اسلام دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن جائے، حافظ محمد سعید
اسلام ٹائمز۔ جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات درپیش ہیں۔ جس راستہ پر چل کر نبی مکرم (ص) نے مدینہ کا دفاع کیا تھا اسی طریقہ پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان کا دفاع ممکن ہے۔ یہ وقت سیاست کا نہیں مسلمانوں کو حوصلہ دینے کا ہے۔ امت مسلمہ اسلام دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہو جائے۔ حکمرانوں و سیاست دانوں سمیت عوام کا ہر طبقہ ملک و ملت کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ نازک ترین حالات میں امریکہ و یورپ کی خوشنودی کیلئے مایوسیاں پھیلانے والوں کو تاریخ معاف نہیں کرے گی، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا انجام دنیا انشاء اللہ جلد دیکھے گی۔ وہ جامع مسجد القادسیہ لاہور میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ہزاروں مرد و خواتین نے ان کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی۔ 

حافظ محمد سعید نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ چند عبادات کا مجموعہ نہیں ہے۔ نبی اکرم  (ص) نے نماز، روزہ، حج اور زکوٰۃ کی طرح ملکوں کے دفاع کا طریقہ بھی سکھایا ہے۔ امیر جماعۃ الدعوۃ نے کہا کہ جس طرح ریاست مدینہ کو یہودیوں اور مشرکین مکہ کی سازشوں کا سامنا تھا اور اللہ کے نبی (ص) کو لڑائی لڑنا پڑی۔ آج پاکستان کو بھی ایسے ہی حالات کا سامنا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ حکمران امریکہ و یورپ سے تعلقات خراب ہونے سے ڈرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہم معاشی طور پر کمزور ہیں۔ دنیا ناراض ہو جائے گی تو پھر ہم ملک کا سیاسی و معاشی نظام کیسے چلا سکیں گے؟ یہ سوچ درست نہیں ہے اہل اقتدار کو چاہیے کہ وہ کفار کی سازشوں کو سمجھیں، مدینہ کی تاریخ کا مطالعہ کریں اور سیرت رسول (ص) کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، بھارت، اسرائیل اور ان کے اتحادی چاروں اطراف سے پاکستان کا گھیراؤ کر رہے ہیں۔ وہ مسلمانوں کی تاریخ سے بخوبی واقف ہیں اور یہ بات اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ جب مسلمان قربانیوں کا راستہ اختیار کر لیں، تو پھر ان کا مقابلہ کسی صورت ممکن نہیں ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج انہیں اپنے نظام و قوانین بکھرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور وہ دنیا بھر میں اپنی دہشت گردی کو قائم رکھنے کیلئے مذموم منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں ان کے پھیلائے ہوئے سازشوں کے سبھی جال کٹ رہے ہیں۔ روس کی طرح امریکی اتحادیوں کو بھی افغانستان میں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آنے والے دور میں اسلام انشاء اللہ دنیا کی سب سے بڑی قوت بن کر ابھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر مسلمانوں اور دنیائے کفر میں دشمنیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ پاکستان کا جرم بھی یہی ہے کہ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ہے۔ ڈرون حملے، فرقہ وارانہ لڑائیاں، تخریب کاری اور بم دھماکے اسی جنگ کا حصہ ہیں جو دس سال سے اس خطہ میں لڑی جارہی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ حکمران بیرونی قوتوں کی سازشوں کا توڑ کرنے کی بجائے مسلط کردہ جنگ کو ٹالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ وہ ملکی سلامتی و خودمختاری سے مت کھیلیں۔ اسلام و پاکستان کے دفاع کیلئے جرأتمندانہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ دنیا میں کوئی خطہ ایسا نہیں ہے جہاں دین اسلام کی دعوت پھیلانے کی اس قدر آزادی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم وطنیت اور قومیت پرستی کے قائل نہیں ہیں۔ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک کا تحفظ اسلام کا دفاع کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 238222
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش