0
Tuesday 12 Feb 2013 01:09

خیبر پختونخوا کے نئے گورنر نے قیام امن کیلئے عوام سے تعاون طلب کرلیا

خیبر پختونخوا کے نئے گورنر نے قیام امن کیلئے عوام سے تعاون طلب کرلیا
اسلام ٹائمز۔ گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ نے کہا ہے کہ درپیش مسائل و مشکلات اجتماعی کوششوں کے متقاضی ہیں اور میری انشاء اللہ یہ بھرپور کوشش ہوگی کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں۔ فاٹا سے سیاسی گورنر کی حیثیت سے مجھے صورتحال کا بھی مکمل ادراک ہے اور میں چاہتا ہوں کہ بچے، جوان اور بزرگ قیام امن، آئی ڈی پیز کی مشکلات کم کرنے اور خوشگوار ماحول میں صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے بھی میر اساتھ دیں۔ گورنر ہاؤس پشاور میں صوبے اور فاٹا سے بڑی تعداد میں آئے ہوئے قبائلی زعماء اور عمائدین علاقہ جن میں سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین، علماء کرام، عام لوگوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمائندہ شخصیات شامل ہیں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ وہ دعوے نہیں کرسکتے لیکن یہ ان کی دلی تمناء ہے کہ صوبے اور فاٹا خاص طور پر باجوڑ سے لے کر جنوبی وزیرستان تک ہر علاقے میں ایسا پرامن اور بااعتماد ماحول قائم ہو جس میں کسی بھی وقت لوگ بحفاظت سفر کرسکیں۔ 

انجینئر شوکت اللہ نے کہا کہ صوبے اور فاٹا میں قدرت نے ہمارے نوجوانوں کو بہترین ذہنی صلاحیتوں سے نوازا ہے اور میں چاہتا ہوں امن و سکون کے ماحول میں وہ ملک و قوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے اپنے آپ کو تیار کریں۔ اس موقع پر قبائلی زعماء کی جانب سے اٹھائے گئے بعض نکات کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے یہ امر بھی واضح کیا کہ سرکاری املاک اور ادارے عوام کے مفاد کیلئے ہیں اور خاص طور پر تعلیم و صحت کے اداروں کی فعال کارکردگی یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ نمائندہ شخصیات کے خیالات کا خیر مقدم کرتے ہوئے انجینئر شوکت اللہ نے کہا کہ عوام کے اجتماعی مفادات کا تحفظ اور مسائل حل کرنے کیلئے نہ صرف گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہوں گے بلکہ وہ خود بھی ان تک پہنچنے کیلئے ہرممکن کوششیں کریں گے۔ انہوں نے آئی ڈی پیز کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ امن و سلامتی کی بحالی اس کا بہترین حل ہے۔
خبر کا کوڈ : 238972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش