0
Tuesday 26 Mar 2013 20:35

عالمی اسلامی کانفرنس اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہوچکی ہے، علی گیلانی

عالمی اسلامی کانفرنس اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہوچکی ہے، علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے رابطہ عالمی اسلامی سے وابستہ ممالک کو جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرانے اور انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے کے سلسلے میں موثر کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 57 مسلم ممالک پر مبنی اس فورم نے اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے ابھی تک کسی اطمینان بخش پیش رفت کے بجائے صرف قراردادوں کی حد تک ہی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اپنے ایک بیان میں سید علی گیلانی نے اس بات پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا میں مسلمانوں کی موجودہ زبوں حالی کے پیش نظر OIC نے اپنی ملی ذمہ داریاں نہیں نبھائی جس کی توقع کی جارہی تھی، انہوں نے اس بات پر شدید دکھ کا اظہار کیا کہ دنیا میں مسلمانوں کو درپیش مسائل کا حل ڈھونڈنے اور مصائب کو کم کرنے کے بجائے OIC سے وابستہ ممالک امریکہ کے ڈکٹیشن پر بھارت اور اسرائیل سے پینگیں بڑھارہے ہیں، علی گیلانی نے میانمار (برما) میں فرقہ پرست بدھسٹوں کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل عام پر اسلامی ممالک کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان حرما ںنصیب مسلمانوں پر برما کی حکومت کے شہہ پر مقامی بودھوں نے زمین تنگ کی ہے اور بنگلہ دیش نے بھارت کے زیر اثر انہیں پناہ دینے سے انکار کرتے ہوئے اپنی برہمن نوازی کا ثبوت پیش کیا ہے۔

علی گیلانی نے اسلامی ممالک کے اتحاد کو افغانستان، عراق، شام، فلسطین اور جموں کشمیر میں ہورہے ظلم و جبر کی آندھی کو روکنے کے لئے کاغذی قرارداد پاس کرنے کے بجائے مبصر مقرر کرنے اور از خود اقدامات کرنے میں پہل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنی ملی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے اس بات کا جائزہ لینا ہوگا کہ اس فورم نے آج تک جتنی بھی قراردادیں پاس کیں، ان سے متاثرہ ممالک میں زمینی سطح پر صفر درجہ کے برابر بھی فرق نہیں آیا، جموں و کشمیر کی گھمبیر اور نازک صورت حال کے سلسلے میں OIC نے جس تساہل کا مظاہرہ کیا اس کے نتیجے میں بھارت نے آگ و آہن اور آتشین ہتھیاروں کا استعمال کرکے سینکڑوں جوانوں کو عمر بھر کے لئے ناکارہ بنادیا، سینکڑوں جوانوں اور قائدین کو بنا مقدمہ چلائے سالہا سال تک جیلوں میں سڑایا جارہا ہے، ہزاروں ماوں اور بہنوں کی عصمت تاراج کی گئی اور دس ہزار سے زیادہ نوجوان لاپتہ ہیں۔

سید علی گیلانی نے بھارتی ایجنسیوں کے جھوٹے اور بے بنیاد پروپگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا یہ سراغ رساں ایجنسیاں دنیا میں کشمیر کی تحریک آزادی اور پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے دہشت گردی سے متعلق کبھی انڈین مجاہدین کی آڑ اور کبھی کشمیری جوانوں کی گرفتاری کی آڑ میں دنیا کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ بھارت دہشت گردی کا شکار ہے اور اس طرح اس مفروضے کی آڑ میں کشمیری عوام پر بے پناہ مظالم ڈھائے جارہے ہیں، انھوں نے شہید محمد افضل گورو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت جو اپنی جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹ رہا ہے نے شہید افضل گورو سے متعلق انصاف کے سبھی تقاضوں کو پس پشت ڈال کر اپنے سیاہ باطن کو ظاہر کیا اور مسلم دشمنی کا ثبوت پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 249104
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش