0
Wednesday 27 Mar 2013 18:37

نگران وزیراعلٰی کا حلف اٹھا لیا، صاف شفاف انتخابات میں رکاوٹ برداشت نہیں کرونگا، نجم سیٹھی

نگران وزیراعلٰی کا حلف اٹھا لیا، صاف شفاف انتخابات میں رکاوٹ برداشت نہیں کرونگا، نجم سیٹھی
اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعلٰی پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پنجاب کی انتظامیہ، بیوروکریسی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کوئی ناجائز فائدہ نہ اٹھائے، گورنر ہاؤس پنجاب میں نگراں وزیراعلٰی کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جب تک نگران وزیراعلٰی ہوں میرا کوئی دوست اور رشتے دار نہیں۔ بیوروکریسی سے کہتا ہوں کہ نہ خود فائدہ اٹھائیں نہ ہی کسی کو لینے دیں، کسی قسم کی مجرمانہ غفلت برداشت نہیں کروں گا، کسی بھی بیوروکریٹ کے خلاف شکایت ملی تو کارروائی کریں گے، اقرباپروری اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اپنی انفارمیشن اکٹھی کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھوں گا، میں میڈیا سے ہوں، صحافیوں سے مدد چاہوں گا اور ممکن ہوا تو روازنہ یا کم از کم دوسرے روز ضرور ملوں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ امن و امان کے بغیر شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں، میرے لیئے سب سے اہم امن و امان کا مسئلہ ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلٰی پنجاب نجم سیٹھی نے غیر سیاسی اور مختصر کابینہ بنانے کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں صاف شفاف انتخابات میں رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ فائدہ اٹھائیں گے نہ کسی کو اٹھانے دیں گے۔ گورنر ہاوس لاہور میں پروقار تقریب میں گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے نجم عزیز سیٹھی سے نگران وزیراعلٰی پنجاب کا حلف لیا۔ تقریب میں سابق وزیراعلٰی شہباز شریف تو شریک نہیں ہوئے، تاہم پارلیمانی کمیٹی میں مسلم لیگ نون کے ارکان نے انکی نمائندگی کی۔ پیپلزپارٹی کی شخصیات سمیت اعلٰی سماجی، صحافتی شخصیات تقریب میں شریک ہوئیں۔ اس موقع پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انکا کوئی سیاسی ایجنڈا ہے نہ بنیادی پالیسی کے فیصلے کریں گے۔ نگران وزیراعلٰی نے مدت اقتدار میں اپنے سب ذاتی رشتوں کو بھلانے کا بھی اعلان کر دیا۔ وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ صاف شفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن اور عدلیہ سے مکمل تعاون کریں گے۔ امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا، نگران حکومت مختصر بھی ہوگی اور غیر سیاسی بھی۔ انکا کہنا تھا کہ وزیراعلٰی بننے کی قبل ازوقت اطلاع دینے کے معاملے میں انکی چڑیا ناکام رہی۔ نگران وزیراعلٰی نے منصب کے لئے تجویز کرنے پر سابق حکومت اور اپوزیشن کا شکریہ ادا کیا اور کم سے کم پروٹوکول لینے کے عزم کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 249424
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش