0
Tuesday 2 Apr 2013 18:12

امن و امان کی صورت حال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، نجم سیٹھی

امن و امان کی صورت حال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، نجم سیٹھی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ امن وامان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے، نگران حکومت صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے، امن وامان اور سکیورٹی کے چیلنج سے نمٹنے کو ناممکن نہیں سمجھتے، قانون نافذ کرنیوالے ادارے الیکشن کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں۔ عام انتخابات میں ووٹر کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال کیلئے آزادانہ اور پرامن ماحول فراہم کیا جائے۔ وہ آج ایوان وزیراعلیٰ میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب آفتاب سلطان سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔

ملاقات میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور عام انتخابات کے دوران سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہاکہ پر امن ماحول کے قیام کے بغیر آزادانہ طور پر سیاسی، سماجی اور معاشی سرگرمیاں ممکن نہیں، پنجاب حکومت اس حوالے سے اپنے فرائض سے پوری طرح آگاہ ہے، امن و امان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے، پولیس جرائم کنٹرول کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے۔

وزیراعلیٰ نے آفتاب سلطان کو آئی جی پولیس پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نئے انسپکٹر جنرل پولیس امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ آئی جی پولیس انتخابات کے پرامن انعقاد اور عوام کی داد رسی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آفتاب سلطان محنتی اور قابل پولیس افسر ہیں اور وہ صوبے میں جرائم کی روک تھام کے حوالے سے بھرپور کاوشیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 250900
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش