0
Wednesday 10 Apr 2013 22:26

قوم صالح قیادت کو ووٹ دیکر ملک کو امریکی تسلط سے آزاد کرائے، قاری عثمان

قوم صالح قیادت کو ووٹ دیکر ملک کو امریکی تسلط سے آزاد کرائے، قاری عثمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ گیارہ مئی کتاب کی کامیابی کا دن ہوگا۔ جمعیت علماء اسلام پاکستان کی اٹھارہ کروڑ مسلمانوں کی سب سے بڑی نمائندہ قوت ہے۔ قوم صالح قیادت کے لئے ووٹ دیکر ملک کو امریکی تسلط سے آزاد کرائے۔ وہ داود چورنگی لانڈھی میں جمعیت علماء اسلام کی جانب سے پی ایس 128 کے امیدوار مولانا احسان اللہ ٹکروی کے مرکزی الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر قاری شیر افضل خان، مولانا عبد الکریم عابد، مولانا محمد غیاث، مولانا گل محمد تالونی، مولانا محمد عمر صادق، مفتی عبد الحق عثمانی، مفتی فیض الحق، مولانا احسان اللہ ٹکروی، قاری فیض الرحمن عابد، مولانا احتشام الحق، دیگر علماء کرام و معززین علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک سے کفری نظام کا خاتمہ اور اسلام کے نظام عدل کے نفاذ کے لئے جنگ لڑ رہی ہے۔ یہ ملک اسلام کے مقدس نام پر حاصل کیا گیا تھا اور اب اسلامی نظام عدل ہی اس کا مقدر بن چکا ہے۔
 
قاری محمد عثمان نے مزید کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں دو نظریات یعنی نظریہ اسلام اور سیکولرازم کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ جمعیت علماء اسلام سمیت دیگر دینی جماعتیں اسلام کے نظام عدل کی داعی ہیں اور اسی بنیاد پر الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ جبکہ سیکولر نظام کی حامل جماعتیں سیکولر ازم کی داعی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر قوم نے نظریہ اسلام کا ساتھ دیا تو ہمیشہ ہمیشہ فلاح و کامیابی ہو گی اور اگر خدانخواستہ قوم نے حسب سابق پھر سیکولرازم کا ساتھ دیا گیا تو پھر ملک کا مستقبل تاریک ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سیکولرازم دنیا بھر میں اپنے زوال کی آخری سانس لے رہا ہے جبکہ اسلام دنیا بھر میں ترقی کے راہ پر گامزن ہے اور قیامت تک رہیگا۔ جس کا زندہ ثبوت گزشتہ کئی سالوں سے دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کی کامیابیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام انتخابات میں کامیابی کی صورت میں ملک کو اسلامی و فلاحی مملکت بنائے گی۔ اسلامی انقلابی منشور کی روشنی میں ملک کو امن کا گہوارہ اور ایک خوشحال پاکستان بنا کر دم لے گی۔
خبر کا کوڈ : 253283
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش