0
Sunday 12 May 2013 11:08

پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ریکارڈ ٹرن آؤٹ، مرکز اور پنجاب میں نون لیگ کو واضح برتری، کارکنوں کا جشن

پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ریکارڈ ٹرن آؤٹ، مرکز اور پنجاب میں نون لیگ کو واضح برتری، کارکنوں کا جشن
اسلام ٹائمز۔ الیکشن 2013ء کے اب تک کے غیر حتمی، غیر سرکاری اور نامکمل نتائج میں قومی اسمبلی میں مسلم لیگ نون سب سے آگے ہے۔ مسلم لیگ نون 132 نشستوں پر، تحریک انصاف کو 36 پر برتری حاصل ہے۔ پیپلز پارٹی 32، جے یو آئی ف 12، ایم کیو ایم 13، مسلم لیگ قاف ایک، جماعت اسلامی 3 اور آزاد امیدوار 24 نشستوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں، جبکہ اے این پی کوئی نشست حاصل نہیں کرسکی۔ پنجاب میں (ن) لیگ، خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف، اندرون سندھ پیپلز پارٹی جبکہ کراچی اور حیدر آباد میں ایم کیو ایم آگے ہیں۔ خیبر پختونخواہ سے عوامی نیشنل پارٹی کا صفایا ہوگیا۔ الیکشن کمیشن کے ابتدائی اندازوں کے مطابق پولنگ 60 سے 70 فیصد رہی جو کہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں ریکارڈ ٹرن آؤٹ ہے۔
 مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، جاوید ہاشمی، شہباز شریف، احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، فاروق ستار، شاہ محمود قریشی، مخدوم امین فہیم، فیصل کریم کنڈی، فضل الرحمن، فہمیدہ مرزا، فریال تالپور، خورشید شاہ، نوید قمر، نبیل گبول، جمشید دستی، سمیرا ملک سمیت کئی رہنما کامیاب ہوگئے ہیں، جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی، وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور، ڈاکٹر فردوس اعوان، امیر مقام، قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن، چوہدری احمد مختار، عبدالقادر گیلانی، فیصل صالح حیات، پرویز الہٰی سمیت کئی بڑے بڑے بتوں کو حالیہ انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
 پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اور خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔ لاہور میں مسلم لیگ (ن) اور پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن ابتدائی نتائج سامنے آنے کے بعد شہر مختلف مقامات پر جشن مناتے نظر آئے۔ پشاور کے علاقہ گلبہار اور ہشت نگری سمیت دیگر مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکن جشن منانے لگے۔ کارکنوں نے جی ٹی روڈ اور خیبر روڈ پر بھی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی ریلیاں نکالیں اور متوقع فتح کا جشن منایا۔ کارکن فلک شگاف نعرے بھی لگاتے رہے۔
خبر کا کوڈ : 263009
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش