0
Sunday 19 May 2013 18:57

طالبان سے آئندہ حکومت کامیاب مذاکرات کر لے گی، مولانا رشید لدھیانوی

طالبان سے آئندہ حکومت کامیاب مذاکرات کر لے گی، مولانا رشید لدھیانوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام ف پنجاب کے امیر مولانا رشید احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ پنجاب میں متحدہ دینی محاذ کا قیام دوسری سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں نہیں، جے یو آئی ف کے مقابلے میں قائم کیا گیا تھا جسے حمید گل نے بنایا اور اپنے طریقے پر چلایا، جماعت اسلامی نے سیاسی غلطیاں کر کے خود کو کھڈے لائن لگایا، باقی دینی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ خالص مذہب کا کام کریں اور سیاست پر اپنی سفارشات جے یو آئی کو دیا کریں اور دوسری سیکولر سیاسی جماعتوں کا مقابلہ جے یو آئی ف کو سیاسی انداز میں کرنے دیں، دینی جماعتیں اور ہر انتخاب میں بننے والے مختلف اتحاد حالیہ انتخابات کے نتائج کے بعد جمعیت علماء اسلام ف کو مذہبی سیاسی جماعتوں کی نمائندہ تسلیم کرتے ہوئے سیاست چھوڑ دیں۔

لاہور میں ’’اسلام ٹائمز ‘‘ سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو مولانا فضل الرحمن کے بارے میں باتیں کرنے سے قبل مسرت شاہین کی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لینی چاہئے، وہ بھی اکیلی ہے اور شیخ رشید بھی اکیلے ہیں، پی ٹی آئی کو ایک میراثی کی ضرورت تھی جو شیخ رشید کی صورت میں مل گیا ہے۔ انہوں نے کہاحالیہ انتخابات اتنے ہی شفاف ہو گئے کہ سب کو حیرت اور تعجب میں ڈال دیا، دن ڈھلنے کے بعد شام آ گئی تو غیر مرئی ہاتھوں نے انہیں کامیاب کرا دیا جو اس قابل ہی نہ تھے، پنجاب میں پی ٹی آئی کو پیچھے دھکیلا اور کے پی کے میں جے یوآئی کو پیچھے دھکیل دیا گیا، جس میں مقامی ایسٹبلشمنٹ ملوث ہے، پیپلز پارٹی سے لوگ ناراض تھے اب بڑی طاقتیں اگلی حکومت کو بھی اپنے ایجنڈے پر چلانے کی کوشش کریں گی کیونکہ ان کے نزدیک ہمارے مسائل اور نظریات کوئی معنی نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ سے اتحاد ہوا تو ملک وقوم کا مفاد اور اسلامی نظریہ پاکستان کی حفاظت جے یو آئی کی ترجیحات پر ہو گا، مسلم لیگ ن کی حکومت میں شمولیت کیلئے مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا گل نصیب خاں، اکرم خان درانی اور سکندر خاں ایڈووکیٹ پر مشتمل چار رکنی کمیٹی کل اتحاد کا فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ دینی جماعتوں اور علماء سے ہمدردی کا مظاہرہ کرے اور اب تجربات کرنے کی بجائے ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرے، اگر نواز لیگ بیرون ملک سے اپنے پیسہ لانے کا آغاز کر دے تو آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، جماعت اسلامی جس اتحاد میں شامل ہوئی وہ ناکام ہو گیا، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی سے اس کے اتحاد کا نتیجہ بھی ایسا ہی ہو گا۔ نواز شریف ماضی میں سود کے حق میں لیا گیا حکم امتناعی واپس لے کر اللہ تعالیٰ کو راضی کریں اور شہباز شریف پنجاب کے تعلیمی نصاب میں صحابہ (رض)واہلیبیت عظام (ع) اور مسلمان ہیروز کے ابواب شامل کرائیں، گرلز سکول وکالجز سمیت تمام تعلیمی اداروں میں فن فیئر کے نام پر لچر گانوں پر ڈانس پر مکمل پابندی عائد کریں۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے پنجاب میں پہلی مرتبہ انفرادی حیثیت میں اچھے ووٹ لئے ہیں، ہم جمہوریت کی چلتی گاڑی کو نقصان نہیں پہنچائیں گے مگر اپنے تحفظات ضرور بتائیں گے، کسی کی بلا وجہ ٹانگ بھی نہیں کھینچیں گے۔ انہوں نے کہا نواز شریف اکیلے مسائل سے نہیں نکل سکتے، مگر انہیں ہر اس کرپٹ شخص کا احتساب ضرور کرنا چاہئے جس پر کسی قسم کا الزام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کے خلاف حکومتی سطح پر ایف آئی آر درج کی جائے اور عدالتیں تاریخی فیصلہ دیں، وہ ابھی تک محفوظ ہیں، نواز حکومت کیلئے ڈاکٹر عافیہ کو پاکستان لانا اور مشرف کو چھوڑنا دونوں امتحان ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کیلئے تحریک انصاف نے رابطہ کیا بھی تو جے یو آئی کا جواب نفی میں ہو گا، ملک بھر میں مختلف پارٹیوں کو مینڈیٹ تقسیم کر کے ایک خطرناک صورتحال پیدا کی گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا جن اداروں نے چودھریوں کو بنایا تھا ان کے ساتھ وہ بھی چلے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یوآئی کا ووٹ پر پنجاب میں دوسری جماعتوں کا قبضہ ہے، پاکستان میں جے یو آئی ایک بڑی مذہبی سیاسی قوت ہے جو قومی اسمبلی میں نشستیں رکھتی ہے، دوسری مذہبی جماعتوں کو جے یوآئی کا ساتھ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا طالبان سے آئندہ حکومت کامیاب مذاکرات کر لے گی، جمعیت علماء اسلام ف نے ملک میں قیام امن کیلئے جو قومی کانفرنسیں اور جرگے منعقد کیے تھے اب حکومت سطح پر طالبان کو مذاکرات کی دعوت دے کر ملک میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا، سابقہ حکمرانوں نے اپنے اتحادیوں کی خواہشات کو پورا کیا اور طالبان کی پیشکش کا مثبت جواب نہ دیا جس کی وجہ سے بدامنی میں اضافہ ہوا۔ پرویز مشرف کو محفوظ راستہ دینے کی صورت میں مزاحمت یا مفاہمت کرنے کے سوال پر وہ گول مول جواب دینے کے بعد مسکرا دئیے۔
خبر کا کوڈ : 265486
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش