0
Friday 24 May 2013 00:23

چین جتنی بھی ترقی کرلے پاکستان کیساتھ دوستی کو کبھی فراموش نہیں کریگا، لی کی چیانگ

چین جتنی بھی ترقی کرلے پاکستان کیساتھ دوستی کو کبھی فراموش نہیں کریگا، لی کی چیانگ
اسلام ٹائمز۔ چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے پاک چین دوستی کے تناظر میں سینیٹ میں جذباتی خطاب کیا۔ انہوں نے واضع کیا کہ سونے جیسی قیمتی دھات کو تو پھینکا جا سکتا ہے مگر نسل در نسل سے چل رہی دوستی کو نہیں چھوڑا جاسکتا۔ چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چینی انٹر نیٹ پر لکھتے ہیں اگر آپ چین سے پیار کرتے ہیں تو پاکستان سے بھی محبت کریں، اس جملے نے انہیں اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا چین جتنی بھی ترقی کر لے ہر امتخان پر پورا اترنے والی پاک چین دوستی کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر قوم نے درپیش چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے، میں یقین دلاتا ہوں کہ چین کی حکومت اور عوام آپ کے شانہ بشانہ ہر طوفان کا ملکر مقابلہ کریں گے۔

لی کی چیانگ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو انسداد دہشت گردی مہم میں پاکستان کی لازوال قربانیاں کھلے دل سے تسلیم کرنی چاہئیں۔ چین مغربی دنیا کیلئے اپنے دروازے کھول رہا ہے اور پاکستان گوادر اور قراقرم ہائی وے کی بدولت اس کا گیٹ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی اور عالمی سطح پر تیز رفتار تبدیلیاں ہو رہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ چین اور پاکستان مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنے باہمی روابط کو مزید فروغ دیں۔ ہم ایک دوسرے پر بھروسہ کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ ہماری دوستی پر کوئی خارجی عوامل اثرانداز نہیں ہوسکتے۔ چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے کہا کہ چین کو دی گئی کوئی بھی دھمکی پاکستان کو دھمکی سمجھی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی امن کیلئے پاکستان اور چین کا اشتراک جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 266897
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش