0
Thursday 13 Jun 2013 13:39

حضرت امام حُسین (ع) کی ولادت باسعادت برکات کا سرچشمہ تھی، اظہار بخاری

حضرت امام حُسین (ع) کی ولادت باسعادت برکات کا سرچشمہ تھی، اظہار بخاری
اسلام ٹائمز۔ ولادت امام حُسین (ع) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ حضرت امام حُسین (ع) کی ولادت باسعادت برکات کا سرچشمہ تھی۔ وقت ولادت حُسین (ع) کی زبان پر نبی پاک (ص) کا لعب دہن، تو وقت شہادت زبان پر اللہ کا قرآن تھا۔ خدا تعالی کی شان کریمی کہ صاحب قرآن کے گھر عامل قرآن (ع) نواسہ عطا کیا۔ جس نے اسلام کا جھنڈا بلند رکھنے کے لیے اپنا سر کٹوا دیا۔ اظہار بخاری نے کہا حضرت امام حُسین (ع) گلستان نبوت (ص) کا روح پرور پھول تھے۔ آپ صورت و سیرت کے لحاظ سے اپنے نانا (ص) سے مشابہت رکھتے تھے۔ حسین (ع) علمی و روحانی دونوں لحاظ سے انسانیت کے کمال پر تھے۔ حُسین (ع) بقا، وفا، اور اتحاد کے علمبردار تھے۔ حُب حُسین (ع) جنت کا خزانہ، بُغض حُسین (ع) جہنم کا ٹھکانہ ہے۔ حُسین (ع) کی ولادت پر نبی پاک (ص) نے خوشی کا اظہار فرمایا۔ کہ حُسین مجھ سے ہے، میں حُسین سے ہوں۔ اپنا لعب دہن حُسین (ع) کے منہ میں ڈال کر ان کی زندگی کو مزید معطر بنا دیا۔

اظہار بخاری نے کہا حُسین (ع) نے ظالم کی بیعت نہیں کی، حکومت بھی امریکی ظالم کی بیعت نہ کرے۔ حُب حُسین (ع) کا چراغ دل کی گلی میں روشن ہو جائے، تو خوف کے اندھیرے ختم ہو جائیں۔ حُسین (ع) مرا نہیں، بلکہ امریکا جیسے ظالموں کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا ڈھنگ سکھا گیا۔ اللہ تعالی نے نبی پاک (ص) کا پورا گھرانہ پاکیزہ بنایا۔ خدا نے ہر شخص کو حکم دیا، کہ وہ گناہ کے قریب نہ جائے۔ اور گناہ کو حکم دیا کہ وہ اھلبیت کے قریب نہ جائے۔ جب تک قرآن کی تلاوت ہوتی رہے گی۔ اس وقت تک حُسین (ع) کی ولادت اور شہادت کی بات ہوتی رہے گی۔ حضورکریم (ع) آئے دین بن گیا۔ حُسین (ع) آئے دین بچ گیا۔ لہذا عالم کفر کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلیے جذبہ حُسینیت اپنانا ہوگا۔ کیونکہ حُب حُسین (ع) تمام مکاتب فکر کی مشترکہ میراث ہے۔ حُسین کی ولادت بھی عظیم شہادت بھی عظیم جو دنیا کو جینے اور مرنے کا ڈھنگ سیکھاتی رہیں گی۔ دین شریعت توڑنے والوں کے خلاف حُسین (ع) نے ڈٹ کر جہاد کیا۔ اور شریعت کی بقا کے لیے شہادت کا رتبہ پا لیا۔
خبر کا کوڈ : 273247
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش