0
Sunday 16 Jun 2013 19:16

شدت پسندی پر بضد افراد سے مذاکرات نہیں کرینگے، چوہدری نثار

شدت پسندی پر بضد افراد سے مذاکرات نہیں کرینگے، چوہدری نثار
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، روٹھنے والوں کو جلد منالیں گے لیکن شدت پسندی پر بضد افراد سے مذاکرات نہیں کرینگے۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر اطلاعات پرویز رشید کوئٹہ کے دورے پر پہنچے، جہاں وہ کمشنر آفس کوئٹہ گئے اور دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے ڈپٹی کمشنر عبدالمنصور خان کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے زیارت جا کر دہشتگردی میں تباہ ہونے والی قائداعظم ریذیڈنسی کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ تین سے چار ماہ میں قائداعظم ریذیڈنسی کی تعمیر نو کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔ بلوچستان میں قیام امن کیلئے وفاق تعاون کرے گا۔ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ہر شخص کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ بعد ازاں وزیراعلٰی سیکریٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو میں چودھری نثار نے کہا کہ شدت پسندی پر بضد افراد سے مذاکرات نہیں کریں گے لیکن روٹھنے والوں کو جلد منالیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئٹہ میں جو ہوا وہ کسی معاشرے میں نہیں ہوتا۔ بلوچستان میں امن کے ذریعے ترقی کا نیا دور شروع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے افراد کے ورثاء سے دلی ہمدردی ہے۔ شہید ڈپٹی کمشنر نے بلوچستان کے لئے قربانی دی۔ اس موقع پر گفتگو میں وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ وزیراعظم گذشتہ روز تمام صورتحال مانیٹر کرتے رہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ بلوچ اور پشتون، عورتوں اور بچوں کو نشانہ نہیں بناتے، مذاکرات صرف ان سے ہوں گے، جو بات کرنا چاہیں گے، جو لوگ شدت پسندی پر بضد ہوں ان سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ کوئٹہ میں وزیراعلٰی بلوچستان عبدالمالک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ ہم زخموں پر مرہم رکھیں گے، روٹھے ہوئے لوگوں کو منائیں گے۔ گذشتہ روز کوئٹہ دھماکے میں جاں بحق ڈپٹی کمشنر کے حوالے سے چوہدری نثار علی خان نے کہا ڈپٹی کمشنر کو ان کی جرات پر تمغہ شجاعت دیا جائیگا، وہ ایک فرض شناس افسر تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا بلوچستان سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے ہیں، وزیراعظم کی اجازت کے بعد اعلان کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 274095
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش