0
Friday 21 Jun 2013 19:10

پشاور بم دھماکہ ملکی سالمیت کیخلاف گھناؤنی سازش ہے ، ڈاکٹر رحیق عباسی

پشاور بم دھماکہ ملکی سالمیت کیخلاف گھناؤنی سازش ہے ، ڈاکٹر رحیق عباسی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کراچی میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی خون سے ہولی کھیلنے والے انسان نہیں درندے ہیں اور ان کے سینے میں دل نہیں پتھر ہیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے ایم پی اے ساجد قریشی اور انکے معصوم بیٹے کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعہ کے ذمہ داران کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے، کراچی کے امن کو بحال کرنے کیلئے سیاسی مصلحتوں سے تائب ہو کر ٹھوس اقدامات کئے جائیں تو کوئی وجہ نہیں کراچی کا امن بحال نہ ہو سکے، کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال کی ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک لاہور کے نومنتخب عہدیداران سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر چوہدری افضل گجر، حافظ غلام فرید، میاں افتخار، راجہ ندیم، الطاف رندھاوا اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ پشاور میں ہونے والا بم دھماکہ ملکی سالمیت کے خلاف گھناؤنی سازش اور بربریت کی انتہا ہے، اسکے ذمہ داران قانون کی گرفت سے بچنے نہیں چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ مفادات کی قیدی بن کر اسی طرح سوئی رہی تو خدانخواستہ ملک صومالیہ، ایتھوپیا اور افغانستان بن جائے گا، دہشت گردی کا عفریت ملک کو کھا گیا، مزارات، مساجد، مارکیٹیں، سکول اور ہسپتال تک دہشت گردی سے محفوظ نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں اور وطن عزیز کے امن کو سبوتاژ اور امن و امان کا شدید احساس پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی رونقیں بحال کرنے کیلئے سخت سے سخت فیصلے کرنا ہونگے، صوبائیت اور لسانیت کی بنیاد پر ہونے والے فیصلے مثبت نتائج پیدا نہیں کرتے، کراچی وطن عزیز کا اہم ترین حصہ ہے اس لئے وہاں قیام امن کیلئے اداروں اور عوام کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور سانحہ میں ملوث ملزموں کو گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ دوسرے بھی سبق سیکھیں، سانحہ پشاور تحریک انصاف کی حکومت کے لئے ٹیسٹ کیس ہے دیکھتے ہیں کہ وہ اس حوالے سے کیا کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 275577
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش