0
Sunday 7 Jul 2013 06:11

اتحاد و اتفاق میں ہی قوم کا بہترین مستقبل پنہاں ہے، علامہ منان رضا بریلوی

اتحاد و اتفاق میں ہی قوم کا بہترین مستقبل پنہاں ہے، علامہ منان رضا بریلوی
اسلام ٹائمز۔ انڈیا سے تشریف لائے معروف اہلسنت عالم دین علامہ منان رضا خان بریلوی نے کہا ہے کہ باہمی اتحاد و اتفاق میں ہی کسی بھی قوم کا بہترین مستقبل پنہاں ہے۔ بہترین قومیں وہی ہوا کرتی ہیں جو اپنے مسائل کے حل اور منزل مقصود کیلئے اجتماعی جدوجہد کرتی ہیں۔ ذاتی اختلافات اور رنجشوں کو بھلا کر شاندار مستقبل کی خاطر متحد ہو کر محبت و اخلاص کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ مایوسی اور رونے سے بہتر ہے کہ اپنے حصے کا چراغ روشن کیا جائے۔ اسلامی جمہوریہ میں نظام مصطفی (ص) کے تحت عدالت کا قیام ہی عدل و انصاف کے تقاضوں کو پورا کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ سید شاہ تراب الحق قادری کی دعوت پر دفتر جماعت اہلسنت کراچی میں علماء و ذمہ داران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

جماعت اہلسنت کراچی کے رہنماء مولانا ابرار احمد رحمانی اور صوفی حسین لاکھانی نے کہا کہ آج مسلم حکمرانوں کی بزدلی اور کمزوری کے سبب پوری دنیا میں امت مسلمہ ظلم و جبر کا شکار ہے۔ آج کے پرفتن دور میں وقت کا تقاضہ ہے کہ اتحاد کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا جائے تاکہ ملک اندورنی اور بیرونی سازشوں سے محفوظ رہ سکے۔ انھوں نے کہا کہ فرقہ واریت خواہ کسی بھی قسم کی ہو معاشرے اور ملک کیلئے زہر قاتل ہوتی ہے اور ملک کی وحدت اور سالمیت کو کمزور کرکے رکھ دیتی ہے۔ جماعت اہلسنت کے رہنماﺅں نے کہا کہ امت مسلمہ کی بقاء و سلامتی کیلئے اسوہ رسول ﴿ص﴾ کو مشعل راہ بنایا جائے جس سے تعصبات و انتشار کو ختم کرکے لوگوں کو اتحاد و اخلاص کا درسِ انقلاب ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگان دین کے کردار و عمل سے انفرادی و اجتماعی امن و سلامتی حاصل کی جا سکتی ہے۔ آج ہم نے اسلاف کے نظریات سے عملی رہنمائی لینے کے بجائے ان کی عملی زندگی کو فقط کتابوں اور تقریروں کی زینت بنا کر محدود کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 280404
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش