0
Sunday 13 Jun 2010 19:13

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع،معاہدے پر باضابطہ دستخط

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع،معاہدے پر باضابطہ دستخط

تہران:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق پاکستان اور ایران نے گیس پائپ لائن منصوبے پر باضابطہ دستخط کر دیئے ہیں،جس کے تحت ایران پاکستان کو گیس کی سپلائی 2014ء سے شروع کرے گا اور روزانہ 21 ملین کیوبک میٹر گیس فراہم کی جائے گی۔معاہدے پر حتمی دستخط کے بعد منصوبے پر آج سے کام شروع ہو جائے گا۔اطلاعات کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے پر باضابطہ دستخط کی تقریب تہران میں ہوئی،جس میں ایرانی نائب وزیر تیل جواد اوجی اور پاکستان کی طرف سے سیکریٹری پٹرولیم کامران لاشاری نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکریٹری پٹرولیم کامران لاشاری نے کہا کہ پاکستان تین سال میں نواب شاہ سے ایرانی سرحد تک 700 کلومیٹر پائپ لائن بچھائے گا،جس کی جائزہ رپورٹ بنانے میں ایک سال لگے گا۔
گیس پائپ لائن منصوبے پر باضابطہ دستخط کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی نائب وزیر تیل نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے،گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت پاکستان کو 2014ء سے گیس کی سپلائی شروع ہو گی اور روزانہ کی بنیاد پر 21 ملین کیوبک میٹر گیس فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایران( آج) پیر سے ہی گیس پائپ لائن بچھانے کیلئے کام کا آغاز کر دے گا اور ایرانشہر( Iranshahr) سے پاکستانی سرحد تک تین سو کلومیٹر پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ایرانی نائب وزیر تیل جواد اوجی نے کہا کہ دہائیوں کے مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے،جو خوش آئند ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہو گی۔
 واضح رہے کہ یہ گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان،ایران اور بھارت کے درمیان تھا،تاہم بعد ازاں بھارت پاکستان کے راستے گیس کی فراہمی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس منصوبے سے دستبردار ہو گیا تھا جبکہ پاکستان اور ایران نے منصوبے پر پیشرفت جاری رکھی۔دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان اس منصوبے پر باضابطہ دستخط ایک ایسے وقت میں ہوئے جب سلامتی کونسل کی جانب سے ایران پرمزید پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور امریکا اور دیگر مغربی ممالک کے ایران کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات ختم کرنے پر زوردے رہے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 28267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش