0
Friday 26 Jul 2013 23:59

معزول مصری صدر حماس کی مدد سے جیل سے فرار کے الزام میں گرفتار

معزول مصری صدر حماس کی مدد سے جیل سے فرار کے الزام میں گرفتار
اسلام ٹائمز۔ مصر کے معزول صدر محمد مرسی کو فلسطینی تنظیم حماس کے ساتھ سازباز کرنے اور 2011ء کی بغاوت کے دوران جیل پر حملوں کی منصوبہ بندی کے الزامات کے تحت حراست میں لے لیا گیا ہے۔ قاہرہ کی ایک عدالت کے حکم کے مطابق ابتدائی طور پر ان سے دو ہفتے تک تفتیش کی جائے گی۔ یہ اطلاع اس وقت آئی ہے جب مصر میں سابق صدر کے حامی اور مخالف لاکھوں کی تعداد میں جمعہ کو جلوس نکال رہے ہیں۔ محمد مرسی کو ملک کی فوج نے تین جولائی کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔ اس وقت سے وہ فوج کی تحویل میں ہیں۔ سرکاری خبررساں ادارے نے کہا ہے کہ تفتیشی جج حسن سمیر نے محمد مرسی سے پوچھ گچھ کے دوران انھیں شواہد دکھائے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ تفتیش کب اور کہاں کی گئی تھی۔ 

حماس نے اس فیصلے کی مذمت کی ہے۔ حماس کے ترجمان سمیع ابو زہری نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ حماس اس کی مخالفت کرتی ہے کیونکہ اس میں فرض کر لیا گیا ہے کہ حماس معاندانہ تحریک ہے۔ یہ ایک خطرناک پیش رفت ہے۔ قاہرہ کی ایک عدالت اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ جنوری 2011ء میں ایک جیل سے قیدی کس طرح فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔ ان قیدیوں میں محمد مرسی بھی شامل تھے۔ الزام لگایا گیا ہے کہ مرسی کی جماعت اخوان المسلمین نے اس مقصد کے لیے حماس کی مدد حاصل کی تھی۔ 

اخوان المسلمین نے ان الزامات کو "مضحکہ خیز" قرار دیا ہے۔ جماعت کے ایک ترجمان جہاد الحداد نے کہا کہ یہ حرکت "پرانی حکومت" کے واپس آنے کی علامت ہے۔ ادھر مصری فوج نے کہا ہے کہ وہ "تشدد اور دہشت گردی" سے نمٹنے کے لیے قوت کا استعمال کریں گے۔ مصری فوج کا بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب جمعہ کے روز ملک کے دونوں مخالف دھڑوں نے بڑے جلوس نکالنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ مصر کے فوجی سربراہ جنرل عبدالفتح السیسی نے جمعے کو جلوس نکالنے کا اعلان کیا تھا، تاکہ مصری فوج کو "ممکنہ دہشت گردی" سے نمٹنے کے لیے حمایت حاصل ہوسکے۔ دوسری جانب برطرف صدر محمد مرسی کے حامیوں کی طرف سے ان کی دوبارہ بحالی کے لیے احتجاجی مظاہرے کا امکان ہے۔ دریں اثنا اقوام متحدہ نے مصری فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ محمد مرسی کو رہا کرنے کا کہا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق مصر میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں برطرف صدر محمد مرسی کو فلسطینی تنظیم حماس سے رابطے رکھنے اور مبینہ طور پر جیل سے بھاگنے کے الزام میں باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اخوان المسلمون نے احتجاجی مظاہرے جاری رکھنے کی کال دیدی۔ مصر کے سرکاری میڈیا کے مطابق قاہرہ میں تفتیشی جج نے محمد مرسی کو تفتیش کے لئے پندرہ دن تک حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ان پر 2011ء میں جیل سے فرار کے لئے حماس کی مدد لینے کا الزام ہے۔ تاہم اخوان المسلمون کا کہنا ہے کہ فرار کے منصوبے میں غیر ملکیوں کی نہیں مقامی لوگوں کی مدد حاصل تھی۔ سرکاری بیان کے مطابق محمد مرسی کی حراست کی مدت میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ تین جولائی کو فوجی بغاوت کے بعد محمد مرسی کے متعلق آنے والا یہ پہلا سرکاری بیان ہے۔
خبر کا کوڈ : 287151
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش