0
Thursday 15 Aug 2013 09:34

پاکستان کے استحکام و سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی دیں گے، چوہدری مجید

پاکستان کے استحکام و سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی دیں گے، چوہدری مجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں جشن آزادی کے سلسلہ میں کیک کاٹا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین، وزیر ہائوسنگ چوہدری پرویز اشرف، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قاسم مجید، چوہدری ذوالفقار اعظم اور آزاد کشمیر بھر سے آئے ہوئے پیپلز پارٹی کے کارکن بھی موجود تھے۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اہل کشمیر پاکستان کے استحکام و سلامتی اور تعمیروترقی و خوشحالی کے لیے ہر قسم کی قربانی کا عزم رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حرم شریف کے بعد پاکستان ہمارے لیے عزت و احترام کی جگہ ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم وملزوم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے پاکستان کی طرف بہنے والے دریا کشمیریوں کے خون سے رنگیں ہیں جو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت کشمیریوں کو اپنی منزل پاکستان حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی۔ انھوں نے کہا کہ میں اس موقع پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے آزاد کشمیر کی تعمیروترقی میں دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

چوہدری مجید نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کشمیر کے حوالے سے بیان خوش آئند ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے اپنی ذمہ داری پوری کرے اور اپنی قراردادوں پر عمل کروائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور پائیدار حل نکل سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے جاری جارحیت سے خطے کا امن تہس نہس ہو سکتا ہے۔ امن پسند دنیا بھارت کو کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ اور جارحیت سے روکے۔ انھوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاء کا امن خطہ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ بھارتی جارحیت جنوبی ایشیاء کو کسی جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ اس قبل وزیراعظم آزاد کشمیر نے سیالکوٹ اور کوٹلی سیکٹر میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ اور جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
خبر کا کوڈ : 292651
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش