0
Friday 16 Aug 2013 10:57

بھارت کا ظلم و جبر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکتا، سردار یعقوب

بھارت کا ظلم و جبر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکتا، سردار یعقوب
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ یو این او کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دینے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بھارت کا ظلم وجبر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکتا۔ کشمیری پرامن لوگ ہیں، آزادکشمیر کے عام پاکستان کا دفاعی حصار ہیں۔ بھارتی فوجیوں کی گولیاں پہلے ہم اپنے سینوں پر کھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا ایک ہی نظریہ ہے اور وہ نظریہ آزادی ہے۔ صدر آزاد کشمیر 15 اگست 1947ء یوم اعلان بغاوت کی یاد میں یادگار شہداء میموریل کمیٹی کی جانب سے منعقد جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسہ سے سابق صدر آزاد کشمیر سردار انور خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد نے 1947ء میں نہ صرف ہری سنگھ کو شکست دی بلکہ اس کے شخصی راج کو بھی ختم کیا۔ 

اس موقع پر چند قراردادیں بھی منظور کی گئیں جن میں بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے نہتے کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور بھارتی گولہ باری کی مذمت کی گئی۔ قرار داد میں یہ بھی کہا گیا کہ بان کی مون کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کا بیان خوش آئند ہے اور کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دینے پر ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ قراردار میں 15 اگست یوم بغاوت والے مقام سیاسی ٹیکری کو مینار آزادی بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار یعقوب نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کا آغاز ضلع پونچھ سیاسی ٹیکری سے ہوا ہے۔ یہاں کے لوگوں نے اس وقت کے حکمران ہری سنگھ کے خلاف اعلان بغاوت اور باقاعدہ جنگ لڑی۔ انھوں نے کہا کہ دارالجہاد راولاکوٹ میں مہاراجہ کیخلاف باقاعدہ علم بغاوت بلند ہوا۔ یہی تحریک آزادی کشمیر کا نقطہ آغا ہے۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ تاریخ کی درستگی اور ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کو آزاد کروا کر پاکستان کے ساتھ شامل کریں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت ہمارے لیے بڑے چیلنجز ہیں ہم اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی پیدا کر کے دشمن کے عزائم کو ناکم بنا سکتے ہیں۔ صدر نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کا حق خودارادیت دلوانے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت بھارت کی بربریت تحریک آزادی کو دبانے کے لیے ظلم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے جو عالمی امن اور جنوبی ایشیاء کو جنگ کی لپیٹ میں لانے کے مترادف ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت کنٹرل لائن پر بھارتی فوج بے گناہ نہتے کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے۔ بھارت تحریک آزادی کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے میں ناکامی پر غیرانسانی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہاکہ مسئلہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ عوام کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 292961
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش