0
Saturday 31 Aug 2013 12:44

بلوچستان مسلم لیگ (ن) نے اتحادی جماعتوں سے علحیدگی کا امکان ظاہر کردیا

بلوچستان مسلم لیگ (ن) نے اتحادی جماعتوں سے علحیدگی کا امکان ظاہر کردیا

اسلام ٹائمز۔ بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) اور (ق) لیگ کے ارکان اسمبلی کا ایک مشترکہ اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مخلوط حکومت کی تین ماہ کی کارکردگی پر غور و خوض کیا گیا اور اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پوسٹنگ ٹرانسفرز سمیت دیگر معاملات میں (ن) لیگ کے ارکان اسمبلی کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے اور من مانیاں کی جا رہی ہیں۔ اسی طرح مری معاہدے پر بھی دونوں اتحادی جماعتیں پورا نہیں اتر رہیں۔ ناانصافیوں کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ اجلاس میں (ن) لیگ کے پارلیمانی لیڈر نواب ثناءﷲ زہری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ارکان اسمبلی نے مخلوط حکومت کی اب تک کی کارکردگی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ (ن) لیگ اور (ق) لیگ کے تمام ارکان اسمبلی متحد اور اکٹھے ہیں۔ وزارتیں لینے یا نہ لینے کا فیصلہ پارلیمانی لیڈر نواب ثناءﷲ زہری کے کوئٹہ آنے کے بعد مشاورت سے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ مسلسل ناانصافیوں اور مری معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد (ن) لیگ کا صوبے میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ مزید چلنا مشکل ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اپنے لوگوں کو نواز رہے ہیں اور انہیں مراعات دے رہے ہیں۔ جس کی واضح مثال کنٹریکٹ کی بنیاد پر پارٹی کے لوگوں کی بحیثیت ایڈوائزرز تعیناتیاں ہیں۔ ان تعینات کئے گئے ایڈوائزرز کو سرکاری خزانے سے تنخواہوں کی ادائیگی اور دیگر مراعات بھی دی جارہی ہیں جبکہ دوسری جانب کرپشن کے خاتمے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بعض ارکان نے اپنے اپنے حلقہ انتخاب میں ہونے والی ناانصافیوں اور سینئرز کی پوسٹوں پر جونیئر کی تعیناتی کے حوالے سے تفصیلات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا اور بتایا کہ اس حوالے سے انہیں نظرانداز کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اپنی من مانیاں کی ہیں اور انہیں اعتماد میں نہیں لیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتفاق رائے سے بعض اہم فیصلے بھی کئے گئے جن پر مرحلہ وار عملدرآمد کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی گئی۔ یاد رہے اس سے قبل اتحادی جماعتوں میں وزارتوں کا معاملہ حل ہوگیا تھا اور وزراء 22 اگست کو حلف اُٹھانے والے تھے لیکن پاور شئیرنگ کے معاملے پر اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے مسئلہ پھر حل نہ ہو سکا۔

خبر کا کوڈ : 297134
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش