0
Friday 6 Sep 2013 13:03

وزیراعلٰی بلوچستان کی مسلم لیگ (ق) کے پارلیمانی لیڈر سے اہم ملاقات

وزیراعلٰی بلوچستان کی مسلم لیگ (ق) کے پارلیمانی لیڈر سے اہم ملاقات

اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جمعرات کو کوئٹہ میں مسلم لیگ (ق) کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شیخ جعفر خان مندوخیل اور ارکان اسمبلی سے اہم ملاقات کی۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچنے کے فوراً بعد سابق سینیٹر سعید احمد ہاشمی کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ (ق) کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شیخ جعفر خان مندوخیل، رکن اسمبلی ڈاکٹر رقیہ ہاشمی سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر و سینیٹر میر حاصل بزنجو، مرکزی سیکرٹری جنرل طاہر بزنجو بھی موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال، امن و امان اور دیگر امور پر اہم تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں خصوصی طور پر نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر میر حاصل بزنجو اور دیگر ارکان کی جانب سے مسلم لیگ (ق) کی قیادت پر نکتہ چینی کی جا رہی تھی، وہ بھی زیر بحث آئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں یہ طے پایا کہ آئندہ اس قسم کے نہ تو کوئی بیانات جاری کئے جائیں گے اور اگر کسی کو کوئی گلہ شکوہ ہوگا، تو وہ بیٹھ کر حل کرلیا جائے گا۔ اخبارات میں اسکا ذکر نہیں کیا جائے گا، کیونکہ اس سے سیاسی نقصان ہوسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اتحادی جماعتوں کے تحفظات سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس حوالے سے انہیں یقین دہانی کرائیں کہ وہ اتحادی جماعتوں کے تحفظات کو دور کریں گے اور جلد ہی کابینہ کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کو بھی کابینہ میں نمائندگی دینے کا عندیہ دیا۔

خبر کا کوڈ : 299174
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش