0
Saturday 14 Sep 2013 18:55

آئی جی پنجاب نے 5 سالہ بچی سے زیادتی سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی

آئی جی پنجاب نے 5 سالہ بچی سے زیادتی سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پنجاب نے لاہور میں پانچ سالہ بچی سے زیادتی سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی۔ رپورٹ کے مطابق تحقیقات کیلئے دو ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو تلاش کیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب خان بیگ کی دستخط شدہ رپورٹ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ملک فیصل رفیق نے سپریم کورٹ میں جمع کروائی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانچ سالہ سنبل کو کزن سمیت بارہ ستمبر کی سہ پہر میں اغوا کیا گیا۔ تین سالہ احمد یار کو آدھے گھنٹے بعد سروسز اسپتال کے لان میں پھینک دیا گیا جبکہ متاثرہ بچی سنبل کو رات ساڑھے آٹھ بجے زیادتی کے بعد گنگا رام اسپتال کے باہر پھینکا گیا۔ سنبل اس وقت سروسز اسپتال میں زیر علاج ہے۔

رپورٹ کے مطابق گنگا رام اسپتال سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے۔ فوٹیج میں سنبل کے اغوا اور واپس پھینکنے کے مناظر موجود ہیں۔ فوٹیج کی روشنی میں ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کیلئے دو ایس پیز کی سربراہی میں دو ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ سی سی پی او لاہور براہ راست تفتیش کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ آئی جی خود بھی تفتیش کی روزانہ بنیادوں پر مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ بچی سے حاصل کردہ نمونے بھی فرانزک لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔ رجسٹرار آفس نے مناسب حکم کیلئے رپورٹ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بھجوا دی ہے۔ چیف جسٹس نے گذشتہ رات واقعے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 301754
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش