0
Monday 30 Sep 2013 20:15

گلگت بلتستان میں میگا پراجیکٹس کے حوالے سے انڈیا کا اعتراض بلاجواز ہے، سید مہدی شاہ

گلگت بلتستان میں میگا پراجیکٹس کے حوالے سے انڈیا کا اعتراض بلاجواز ہے، سید مہدی شاہ
وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ایک جرمن ادارہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت آزادی حاصل کی، کسی بیرونی امداد کے بغیر پاکستان سے الحاق کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے گلگت بلتستان کے عوام کے احساس محرومی کے خاتمے اور گلگت بلتستان کو قومی دھارے میں لانے کیلئے انقلابی اقدامات کئے، موجودہ صوبائی سیٹ اپ ایک اہم پیش رفت ہے لیکن ہمارا اصل مقصد قومی اسمبلی اور سینٹ میں نمائندگی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق سے ملنے والے فنڈز پر ہماری ترقی کا انحصار ہے لیکن بہت جلد مالی طور پر خود کفیل ہونگے۔ گلگت بلتستان میں پاور، مائیننگ اور سیاحت جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری سے خطیر زرمبادلہ حاصل ہو گا۔ گلگت بلتستان پاور کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں اگر پاور کے حوالے سے مناسب سرمایہ کاری کی جائے تو پورے پاکستان میں ہمیشہ کیلئے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ صوبائی حکومت مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون اور تحفظ فراہم کریگی۔

سید مہدی شاہ نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے قدرتی ماحول پر اثر نہیں پڑیگا۔ وزیراعلٰی نے کہا ہے کہ گلگت اور اسکردو ائیر پورٹس کو انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا درجہ دینے سے سیاحت کو فروغ دیا جا سکے گا، جس سے مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کیا جا سکے گا۔ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت گلگت اور اسکردو ائیر پورٹ کو بین الاقوامی ائیرپورٹ کا درجے دلانے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطے میں ہے۔ گلگت بلتستان قدرتی حسن سے مالا مال صوبہ ہے۔ سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کونسل کے چیئرمین وزیراعظم پاکستان ہیں لہٰذا توقع ہے کہ وزیراعظم پاکستان گلگت بلتستان کی جغرافیائی اور دفاعی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان میں خصوصی دلچسپی لیں گے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں میگا پراجیکٹس کے حوالے سے انڈیا کا اعتراض بلاجواز ہے۔ گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ ہے اور ہمارے آباؤ اجداد نے الحاق پاکستان اپنی مرضی سے کیا ہے۔ پاکستان اور انڈیا کو ماضی سے سبق سیکھ کر آپس کی تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا تاکہ دونوں ملکوں کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے اور عوام کا میعار زندگی بہتر ہو سکے۔

وزیراعلٰی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں گلگت بلتستان کی سینیٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی کے حق میں ہیں اور امید ہے بہت جلد گلگت بلتستان کو قومی اسمبلی اور سینٹ میں نمائندگی ملے گی، جس کے لئے ہماری کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعلٰی نے کہا ہے کہ چین ہمارا قابل اعتبار اور سچا دوست ملک ہے۔ چین گوادر پراجیکٹ سے سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا۔ مہدی شاہ نے سانحہ نانگا پربت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ نانگا پربت اپنی نوعیت کی دہشت گردی کا انوکھا، بدترین اور قابل مذمت واقعہ ہے۔ 1926ء سے اب تک سیاحوں کے حوالے سے کبھی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا تھا۔ گلگت بلتستان کے عوام اور صوبائی حکومت نے ہمیشہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی ہے۔ حکومت نے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث اصل مجرموں کو بےنقاب کیا جو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایک اہم پیشرفت ہے۔ مجرموں کی گرفتاری کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابل تحسین رہا ہے۔ صوبائی حکومت نے سیاحوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔ تاکہ آئندہ کبھی ایسا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں گریٹ گیم کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے لیکن گلگت بلتستان کے محب وطن اور غیور عوام ہر قسم کی سازش کو ناکام بنائینگے۔
خبر کا کوڈ : 306864
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش