0
Thursday 3 Oct 2013 21:01

ملتان، تحریک تحفظ ناموس رسالت کے زیراہتمام جاوید ہاشمی، شیریں مزاری اور عارف علوی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

ملتان، تحریک تحفظ ناموس رسالت کے زیراہتمام جاوید ہاشمی، شیریں مزاری اور عارف علوی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ تحریک تحفظ ناموس رسالت (ص) کی جانب سے تحریک انصاف کے مرکزی صدر جاوید ہاشمی، عارف علوی، شیریں مزاری کی جانب سے پارلیمنٹ کے فلور پر تحفظ ناموس رسالت کے قانون کے حوالے سے کی جانیوالی تقریر کے خلاف چوک کچہری میں احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ جس کی قیادت صاحبزادہ قاری احمد میاں، میاں آصف محمود اخوانی، محمد ایوب مغل، سید خالد محمود ندیم، ڈاکٹر طاہر خاکوانی، عظیم الحق پیرزادہ ایڈووکیٹ، سید اطہر حسین بخاری ایڈووکیٹ، چودھری ذوالفقار علی سندھو ایڈووکیٹ، نفیس احمد انصاری، محمد یوسف انصاری، شیخ طاہر رشید، خواجہ عبید الرحمن، ڈاکٹر انیس روحانی نے کی۔ شرکاء مظاہرین نے حرمت رسول پر جان بھی قربان، غلامی رسول میں موت بھی قبول ہے۔ جاوید ہاشمی ملتان کا سلمان تاثیر ہے سمیت دیگر نعرے لگائے۔ 

قاری احمد میاں اور دیگر مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاوید ہاشمی اور تحریک انصاف کے دیگر رہنمائوں نے آئین کی دفعہ295-C کو غلط کہہ کر اور اس میں ترمیم کا مطالبہ کرکے توہین رسالت کا ارتکاب کیا ہے اور18کروڑ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ پاکستانی قوم سچے عاشق رسول ہیں وہ کسی صورت بھی توہین رسالت ایکٹ میں ترمیم کو برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی ملتان کے سلمان تاثیر ثابت ہوتے ہیں ان کا کردار ابوجہل کا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی ہیرو سے زیرو ہوگئے ہیں۔ احتجاجی مظاہرہ میں عمران خان سے مطالبہ کیا گیا کہ جاوید ہاشمی، عارف علوی، شیریں مزاری کیخلاف کاروائی نہ کی گئی تو سمجھا جائے گا کہ یہ تحریک انصاف کی پالیسی اور موقف ہے اور وہ غیر ملکی آقائوں کو خوش کرنے کی خاطر گستاخی رسول کا ارتکاب کررہے ہیں۔

مقررین کا کہناتھا کہ اگر انہوں نے اسمبلی فلور پر اپنا بیان واپس نہ لیا اور قوم سے معافی نہ مانگی تو نہ صرف ملتان کی سڑکوں پر عوام ان کا گھیرائو کرینگے بلکہ جہاں بھی جائینگے اُن کا گھیرائو ہوگا۔ یہ تحریک صرف ملتان تک محدود نہیں رہے گا اس تحریک کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ جاوید ہاشمی، عارف علوی، شیریں مزاری کی پارلیمنٹ کی رکنیت بھی ختم کی جائے اور سپیکر قومی اسمبلی فوری طور پر ان کی نااہلی کیلئے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوائے۔ یہ ارکان پارلیمنٹ آئین کی دفعہ62، 63کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 307904
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش