0
Wednesday 16 Oct 2013 22:08

لشکر جھنگوی نعیم بخاری گروپ کا ماسٹر مائنڈ اور پروفیسر سبط جعفر زیدی کا قاتل گرفتار

لشکر جھنگوی نعیم بخاری گروپ کا ماسٹر مائنڈ اور پروفیسر سبط جعفر زیدی کا قاتل گرفتار
اسلام ٹائمز۔ کراچی جنوبی پولیس نے نیپیئر کے علاقے میں مقابلے کے بعد کالعدم لشکر جھنگوی نعیم بخاری گروپ کے اہم رکن کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ملزم نے عباس ٹاؤن بم دھماکے میں استعمال ہونے والا بارود دہشت گردوں کو فراہم کیا تھا جبکہ ملزم پروفیسر سبط جعفر زیدی اور سابق ایم ایس نیو کراچی اسپتال ڈاکٹر حسن عالم کے قتل سمیت متعدد اہل تشیع افراد کے قتل میں ملوث ہے۔ تفصیلات کے مطابق ساؤتھ زون پولیس نے نیپیئر تھانے کی حدود اسپنسر آئی اسپتال کے قریب مقابلے کے بعد ملزم عبیدﷲ کو گرفتار کرکے کلاشنکوف اور تین ہینڈ گرنیڈ برآمد کرلئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی نعیم بخاری گروپ سے ہے، پولیس نے دہشت گردی اور تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا ہے، مقابلے کے دوران ملزم کا ساتھی منصور خلیل عرف ملنگی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزم عبیدﷲ کراچی میں نعیم بخاری گروپ کا ماسٹر مائنڈ تصور کیا جاتا ہے، عبیدﷲ نے اپنے ساتھی منصور خلیل عرف ملنگی کے توسط سے عباس ٹاؤن میں بم دھماکے کیلئے 110 کلوگرام بارود فراہم کیا تھا اور وہ پروفیسر سبط جعفر زیدی، سابق ایم ایس نیو کراچی حسن عالم اور سید اکبر محسن کے قتل سمیت متعدد اہل تشیع افراد کے قتل میں ملوث ہے، عبیدﷲ کے ساتھی ڈاکٹر طارق، شفیع انصاری، وسیم بارودی، ملک تصدق، دلاور اور حافظ قاسم پہلے ہی گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ ایک اور کارروائی میں جنوبی پولیس نے دو ملزمان عارف ﷲ عرف آرسی اور احسن علی عرف نیولہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے کلاشنکوف اور ایک پستول برآمد کرلیا، ان کا تعلق لیاری گینگ وار کے سلطان چونی گروپ سے ہے، گرفتار ملزمان بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
خبر کا کوڈ : 311621
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش