0
Wednesday 16 Oct 2013 22:36

عوام کو کرپٹ لٹیرے اور عیاش حکمرانوں کے خلاف متحد ہو کر سڑکوں پر نکلنا ہوگا، سید منور حسن

عوام کو کرپٹ لٹیرے اور عیاش حکمرانوں کے خلاف متحد ہو کر سڑکوں پر نکلنا ہوگا، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے قوم کو عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہاہے کہ ہم پر یہ عید قربان اس حال میں آئی ہے کہ پوری دنیا میں ہر جگہ خصوصا پاکستان، بنگلہ دیش، مصر، شام، عراق، کشمیر، برما اور افغانستان میں مسلمان ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ امریکہ نے ہر جگہ مسلمانوں پر یلغار کر رکھی ہے۔ لاکھوں مسلمانوں کو موت کی نیند سلا دیا گیا ہے۔ مصر کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹ دیاگیاہے اور پرامن مظاہرین کو بلڈوزروں اور ٹینکوں تلے ردند دیا گیاہے۔ پاکستان میں معصوم عورتیں بچے اور بوڑھے امریکی ڈرون حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ خود پاکستان کے عوام نام نہاد جمہوری حکمرانوں کے ظلم کا شکار ہیں۔
 
سید منورحسن نے مزید کہا کہ 11 مئی کے انتخابات میں عوام نے جس پارٹی کو ووٹ دیے تھے وہ بر سراقتدار آ کر عوام پر بجلی، پٹرول، گیس اور مہنگائی کے مسلسل ڈرون حملے کر رہی ہے۔ مہنگائی بے روزگاری سے سوگنا بڑھ گئی ہے چار ماہ کی قلیل مدت میں قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے عوام کا کچومر نکال دیاہے۔ سید منور حسن نے کہاکہ پاکستان کی بقا، سلامتی اور خوشحالی کا ضامن صرف اسلام ہے۔ عوام کو کرپٹ لٹیرے اور عیاش حکمرانوں کے خلاف متحد ہو کر سڑکوں پر نکلنا ہوگا اور ملک و قوم کو مصائب کی دلدل میں دھکیلنے والوں سے نجات حاصل کر کے ایسی قیادت کو برسراقتدار لانا ہوگا جو امین دیانتدار اور عوام کی سچی خیر خواہ اور اہل بھی ہو اور عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کا عزم اور حوصلہ بھی رکھتی ہو ورنہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے تو اپنی باریاں مقرر کر لی ہیں اور ان کا آپس میں مک مکا ہوگیا۔ دونوں ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دینے کا معاہدہ کر چکے ہیں ان سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 311626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش