0
Saturday 17 Jul 2010 12:09

جہاد کے نام پر فساد پھیلانے کی سازش ناکام بنا دینگے،سنی اتحاد کونسل

خودکش حملوں کے ذریعے مذہب کو بدنام کیا جا رہا ہے،جے یو پی
جہاد کے نام پر فساد پھیلانے کی سازش ناکام بنا دینگے،سنی اتحاد کونسل
کراچی:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم کی اپیل پر سانحہ داتا دربار کے ماسٹر مائنڈ اور سفاک ملزمان کی عدم گرفتاری،انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف پرامن احتجاج کے سلسلے میں مسجد اقصیٰ کیماڑی ٹاؤن تا آئی سی اسٹاپ ماری پور روڈ ”تحفظ مزارات اولیاء ریلی“ مرکزی جے یو پی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل طارق محبوب و دیگر علماء و مشائخ کی قیادت میں نکالی گئی،جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طارق محبوب نے کہا کہ فرزندان توحید اور شمع رسالت کے پروانے جہاد کے نام پر فساد پھیلانے کی سازشوں کو اسلامی و قومی یکجہتی کے جذبوں سے ناکام بنا دیں گے، اور درود و سلام پڑھنے والے امن و سلامتی کے پیغام کو عام کرتے رہیں گے۔ریلی کے شرکاء سے ولی محمد شاہ،رفیق عالم،عبید الحق،مولانا مفیظ الرحمن نے بھی خطاب کیا۔طارق محبوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ اولیائے کاملین بزرگان دین اور صوفیائے کرام کے مزارات مقدسہ کا تحفظ اہل عقیدت و محبت کے ایمان و عقیدے کا تقاضا ہے،جس سے کسی صورت غافل نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رہ کے مزار مبارک کے دربار میں خودکش حملہ کرنے والے انسانیت کے دائرے سے خارج ہیں۔اے این آئی پاکستان صوبہ سندھ کے رہنما ولی محمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سنی اتحاد کونسل نے ہر صورت میں پاکستان کے تحفظ کا عہد کیا ہے۔انہوں نے کہ جب تک سانحہ داتا دربار کے ذمہ دار اور ماسٹر مائنڈ گرفتار ہو کر نشان عبرت نہیں بنیں گے۔ہماری پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔
خودکش حملوں کے ذریعے مذہب کو بدنام کیا جا رہا ہے،جے یو پی 
اسلام کے نام پر حاصل کئے جانے والے پاکستان میں مقدس مقامات پر خودکش حملے اور انتہا پسندی کے غیر سنجیدہ رویوں کے اظہار سے مذہب کو بدنام اور لادین قوتوں کو مضبوط کیا جا رہا ہے، تاکہ قیام پاکستان کا اصل مقصد شرمندہ تعبیر نہ ہوسکے۔ اہلسنت و جماعت اپنے نظریات کے فروغ کیلئے پر تشدد جدوجہد پر یقین نہیں رکھتی۔ان خیالات کا اظہار جے یو پی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر محمد صدیق راٹھور،فدائیان ختم نبوت کے مرکزی امیر مفتی عبدالحلیم ہزاروی اور چیئرمین میڈیا کمیٹی محمد مستقیم نورانی نے رضا لائبریری میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قومی مذہبی لیڈر ایسے لوگوں سے بیزاری اور لاتعلقی کا برملا اعلان کریں جو منفی،پرتشد اور عدم برداشت کا راستہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج اتحاد امت ہی دشمن کے دانت کھٹے کر سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سب جانتے ہیں کہ تمام تر انتشار بیرونی سازشوں کا نتیجہ ہے،لیکن جو ان کے آلہ کار بنتے ہیں،انہیں کون سزا دے گا۔آج ظلم اسی لئے بڑھ رہا ہے کہ ظالم کو سزا نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ عدم برداشت اور جبر کی سوچ ہمیشہ رسوائی کا سبب بنتی ہے۔ذمہ دار حلقے حقیقت پسندی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے فسادات کا راستہ روکیں،رہنماؤں نے کہا کہ 17 جولائی کو سہون شریف میں منعقد ہونے والی کانفرنس امن کے فروغ میں کارگر ثابت ہو گی۔
















Print

خبر کا کوڈ : 31274
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش