0
Saturday 2 Nov 2013 08:28

طالبان نے حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کی تصدیق کردی، نئے امیر کیلئے تین ناموں پر غور

طالبان نے حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کی تصدیق کردی، نئے امیر کیلئے تین ناموں پر غور
اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان میں کالعدم تحریک طالبان کے مرکز پر ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان کا سربراہ حکیم اللہ محسود ڈرائیور اور قریبی ساتھی سمیت مارا گیا، طالبان ذرائع نے تصدیق کردی ہے۔ حکیم اللہ محسود کی نماز جنازہ آج شمالی وزیرستان میں ادا کی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے کے قریب میرانشاہ کے علاقے ڈانڈے درپہ خیل میں دو جاسوس طیاروں نے ایک گھر اور گاڑی پر چار میزائل داغے۔ حملے میں 4 افراد موقع پر ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوئے جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حملے میں تباہ ہونے والا گھر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا مرکز تھا، جہاں حملے کے وقت طالبان شوریٰ کا اجلاس ہو رہا تھا، جبکہ تباہ ہونے والی گاڑی حکیم اللہ محسود کے زیر استعمال تھی۔ 

غیر ملکی ایجنسی نے طالبان ذرائع سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر حکیم اللہ محسود، ان کے ڈرائیور اور قریبی ساتھی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ حملے میں طالبان کمانڈر طارق محسود اور عبداللہ بھی مارے گئے۔ دوسری جانب حکومت پاکستان نے حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے، تاہم طالبان سے مذاکرات کیلئے شمالی وزیرستان جانے والے 3 رکنی وفد کو روک لیا ہے۔

ادھر تحریک طالبان پاکستان نے حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے، جس کے بعد ٹی ٹی پی کے نئے امیر کیلئے تین ناموں پر غور شروع کر دیا گیا۔ شوریٰ کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے امیر حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اس واقعے کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی شوریٰ کا اجلاس ہوا، جس میں نئے امیر کے چناؤ کے لئے 3 نام زیربحث لائے گئے۔ ان ناموں میں مولانا فضل اللہ امیر ٹی ٹی پی سوات، عمر خالد خراسانی امیر ٹی ٹی پی مہمند ایجنسی اور کمانڈر خالد امیر ٹی ٹی پی جنوبی وزیرستان کے نام زیر غور لائے گئے۔ شوریٰ کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا۔ حکیم اللہ محسود کی نماز جنازہ آج سہ پہر شمالی وزیرستان میں ادا کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 316716
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش