0
Sunday 24 Nov 2013 19:20

سنی اتحاد کونسل کا’’امریکی غلامی نامنظور مہم‘‘ چلانے کا فیصلہ

سنی اتحاد کونسل کا’’امریکی غلامی نامنظور مہم‘‘ چلانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل ’’امریکی غلامی نامنظور مہم‘‘ چلائے گی۔ امریکہ سے عوامی نفرت کو منظم کر کے حکمرانوں کو امریکہ نواز پالیسیاں ختم کرنے پر مجبور کریں گے،ہر پاکستانی ڈرون حملوں پر امریکی سفیر اور امریکی صدر کو احتجاجی خط ارسال کرے، ممبران پارلیمنٹ ڈرون حملوں پر احتجاج کے لیے امریکی سفارتخانے کے سامنے دھرنا دیں، شیر کے نشان پر ووٹ لینے والے امریکہ کے سامنے گیدڑ بن چکے ہیں۔ ڈرون کے بدلے بے گناہ انسانوں کو مارنا کون سی شریعت ہے۔ حکمران ڈرون حملوں پر قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ ڈرون حملوں پر حکومتی پالیسی منافقت اور تضادات کا شکار ہے۔ ڈرون حملوں کے خلاف دھرنے دینے والے دہشت گردوں کے خلاف دھرنا کیوں نہیں دیتے۔ پوری قوم نیٹو سپلائی بند کرنے کی حامی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل صوبہ پنجاب کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکمران ملکی خودمختاری، سلامتی اور آزادی کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں،حکمرانوں نے غیرت مند پاکستانی قوم کا سر امریکی سامراج کے سامنے جھکا رکھا ہے، ڈرون حملے بند نہ ہونا حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔ اہلسنّت ملک میں قیام امن کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے اور اہل حق ملکی سلامتی کے خلاف ہونے والی سازشیں ناکام بنائیں گے۔ ڈالروں کے بدلے امریکی غلامی کا راستہ قومی غیرت کے منافی ہے۔ حکمران ڈرون حملوں کے خلاف روایتی اور نمائشی بیانات سے آگے بڑھ کر جرأت مندانہ اور فیصلہ کن قدم اٹھائیں اور ڈرون حملے بند کروانے کے لیے ہر راستہ اختیار کریں۔ عالمی قوتیں پاکستان میں شیطانی کھیل بند کر دیں۔ حکمران امریکہ سے ڈرنا چھوڑ دیں تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔ اجلاس میں مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، مولانا محمد اکبر نقشبندی، صاحبزادہ حسن رضا، میاں فہیم اختر، پیر طارق ولی چشتی، ملک بخش الٰہی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ حبیب الرحمن، شیخ محمد ذوالفقار رضوی، علامہ شرافت علی، مفتی محمد یونس رضوی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 324213
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش