0
Tuesday 10 Dec 2013 00:48

طورخم سرحد سے نیٹو سپلائی کھلوائیں ورنہ اربوں ڈالر کی امداد کھٹائی میں پڑجائے گی، چک ہیگل

طورخم سرحد سے نیٹو سپلائی کھلوائیں ورنہ اربوں ڈالر کی امداد کھٹائی میں پڑجائے گی، چک ہیگل
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی وزیر دفاع نے وزیراعظم نواز شریف سے کہا ہے کہ طورخم سرحد سے نیٹو سپلائی کھلوائیں ورنہ پاکستان کے لیے اربوں ڈالر کی امداد کھٹائی میں پڑجائے گی۔ اس وقت صرف چمن کے ذریعے نیٹو سپلائی جاری ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ حل کرائیں گے لیکن ڈرون حملے بھی بند کرائے جائیں، امریکہ ڈرون حملے بند کرنے کی بات کیا مانتا، اس نے تو پاکستان کو دی جانے والی امداد بھی بند کرنے کی دھمکی دے دی۔ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے پیر کو وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی تو یہی پیغام دینے کے لئے کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان افغانستان کو جانے والی امریکی سپلائی لائن میں احتجاجی دھرنوں کے باعث پڑنے والی رکاوٹیں دور نہیں کرتا تو پھر پاکستان کو دی جانے والی امداد کے لیے سیاسی حمایت جاری رکھنا امریکی حکومت کے لیے مشکل ہوگا۔
 
ایک غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان نے امریکی سپلائی لائن کی راہ میں حائل رکاوٹیں فی الفور دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس سے پہلے خیبر پختونخوا میں ہونے والے دھرنوں کے باعث امریکی حکومت نے اس صوبے کے راستے افغانستان بھیجی جانے والی سپلائی روک رکھی ہے۔ امریکی وزیر دفاع نے وزیراعظم کے علاوہ نئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق دونوں ملاقاتوں میں ڈرون حملوں کا معاملہ بھی زیر غور آیا جبکہ امریکہ نے پاکستان کی طرف سے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ اس سے پہلے سلالہ میں پاکستانی فوجی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد پاکستان نے امریکہ کی سپلائی لائن 7 ماہ تک بند رکھی تھی۔ جولائی 2012ء میں سپلائی لائن کی بحالی کے بعد سے اب تک امریکہ پاکستان کو ایک ارب 15 کروڑ ڈالر کی سکیورٹی اسسٹنس فراہم کر چکا ہے۔ اس امداد میں جدید ترین مواصلاتی آلات، بم جیمرز، رات میں دیکھنے کے لیے گوگلز اور سرویلنس ایئر کرافٹ بھی شامل ہیں۔ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں نیٹو سپلائی کے خلاف احتجاج روکنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کر رہی تھی لیکن چک ہیگل کے پیغام کے بعد اب لگتا ہے کہ پاکستانی حکومت کو یا تو نیٹو سپلائی کے خلاف احتجاج روکنا ہوگا یا پھر امریکی امداد کی بندش کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 329037
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش