0
Friday 13 Dec 2013 10:48

کشمیری عوام بھارت کے پروپگنڈا سے خبردار رہے، نعیم خان

کشمیری عوام بھارت کے پروپگنڈا سے خبردار رہے، نعیم خان
اسلام ٹائمز۔ عوام سے بھارتی پروپگنڈا سے خبردار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے سینئر مزاحمتی لیڈر اور جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ نئی دہلی نے تحریک آزادی کیخلاف عوامی حلقوں کے اندر غلط فہمیاں پیدا کرنے کیلئے اپنے آلہ کاروں کو نئے سرے سے متحرک کردیا ہے جو ایک نہیں تو دوسرے بہانے نہ صرف تنازعہ کشمیر کو لیکر کنفیوژن پیدا کرنے کی کوششیں کررہے ہیں بلکہ تحریک آزادی کے بارے میں ایسی باتیں پھیلانے میں مصروف ہیں جن کا مقصد لوگوں کو اُن کی خون سے سینچی تحریک سے دور کرنا ہے، نعیم احمد خان جمعرات کو سوپور میں پارٹی کارکنوں کی ایک میٹنگ کے دوران اظہار خیال کررہے تھے، انہوں نے پارٹی ذمہ داروں پر زور دیا کہ وہ نئی دہلی اور اُس کے مقامی آلہ کاروں کے ہتھکنڈوں کا توڑ کرنے کیلئے عوام کے ساتھ رابطہ مزید مستحکم بنائیں تاکہ اُنہیں وقت وقت پر مختلف سیاسی نوعیت کے معاملات میں رہنمائی کی جاسکے، نعیم احمد خان نے بتایا کہ ہماری تحریک کیخلاف ویسے تو نئی دہلی کے پالیسی ساز اول روز سے ہی سازشیں تیار کرنے میں مصروف ہیں تاہم موجودہ وقت میں پروپگنڈا کی قوت پر ایسی باتیں پھیلائی جارہی ہیں جن کا مقصد صرف یہ ہے کہ جموں کشمیر کے لوگوں کو تحریک آزادی سے متنفر کیا جائے، اُنہوں نے بتایا کہ آزادی کی راہ میں یہاں کے عام لوگوں نے بیش بہا قربانیاں پیش کی ہیں اور یہ عمل لگاتار جاری ہے اس لئے عوام الناس کو چاہئے کہ وہ اپنی قربانیوں کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے اُس پروپگنڈا کے اثر میں نہ آئیں جس کا مقصد کشمیری لوگوں کو اُن کی قربانیاں بھلانا ہے۔

نعیم احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیر ایک ایسی ہمالیائی حقیقت ہے جس سے آنکھیں چرانا دن کو رات کہنے کے مترداف ہے، انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کا اندازہ خود بھارتی پالیسی سازوں کو بھی ہے مگر اس کے باوجود اُن کی کوشش ہے کہ کشمیری عوام کو کنفیوژن کا شکار بناکر اُن کی سیاسی غیر یقینیت میں مزید اضافہ کیا جائے، اُنہوں نے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ عوامی رابطہ مہم میں سرعت لائیں اور عام لوگوں کو آگاہ کرنے میں اپنا فریضہ انجام دیں کیونکہ بھارتی پروپگنڈا کےخلاف ہمارے پاس اس سے بڑھ کر کوئی بھی موثر ہتھیار نہیں ہے اس لئے تمام تحریک نوازوں کو چاہئے کہ وہ اس ہتھیار کا استعمال کرکے نئی دہلی اور اُس کے مقامی آلہ کاروں کے مکروہ منصوبوں کو خاک میں ملائیں۔
خبر کا کوڈ : 330061
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش