0
Saturday 21 Dec 2013 19:46

آئی ایم ایف ہی پاکستان کا بجٹ بناتی ہے، رحمت خان وردگ

آئی ایم ایف ہی پاکستان کا بجٹ بناتی ہے، رحمت خان وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ہی پاکستان کا بجٹ بناتی ہے اور وزیر خزانہ صرف پڑھ کر سنا دیتے ہیں۔ آئی ایم ایف سے ڈکٹیشن نہ لینے کا دعویٰ سراسر جھوٹ ہے اور انتخابات میں کشکول توڑنے کا دعویٰ کرنے والوں نے جھولی پھیلا کر راتوں رات قرض حاصل کیا اور اس فیصلے سے پارلیمنٹ کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔ یہ بات انہوں نے جنرل سیکریٹری کراچی سٹی قاری ظہور احمد بھٹی سعیدی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ رحمت خان وردگ نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم معیشت کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جبکہ حکومت کا پرانے قرض اتارنے کیلئے نیا قرض لینے کا اقدام بھی ملک دشمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی شہہ خرچیوں کو کم کرے اور سرکاری سطح پر سادگی اپنائی جائے اور اخراجات میں کمی سے ہی معیشت کو سنبھالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حکومت نے تو دواﺅں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے اور گزشتہ 5 ماہ میں ہر چیز کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے لیکن پھر بھی ان سے معیشت نہیں سنبھالی جا رہی۔

رحمت خان وردگ نے کہا کہ جنرل مشرف کے دور میں ڈاکٹر عشرت حسین کی پالیسیوں کے باعث ایشیائی ترقیاتی بینک اور آئی ایم ایف کو قبل از وقت ادائیگیاں کرکے ملک کی جان چھڑائی گئی تھی مگر سیاستدانوں نے آکر ایک بار پھر ملک کو قرضدار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم سے مسلسل جھوٹ کہا جا رہا ہے۔ رحمت خان وردگ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک پاکستان کے ہمدرد ہیں تو یہ انکی خام خیالی ہے اور ان عالمی اداروں کو صرف اپنے منافع سے غرض ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر ہی بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے اور اگلے کچھ عرصے میں گیس کی قیمتیں دوگنی کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت حسین سمیت سینئر معیشت دانوں کی ٹیم کے ذریعے معاشی معاملات چلانے سے ہی بہتری کی امید کی جا سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 332914
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش