0
Tuesday 24 Dec 2013 17:42

حضرت امام حسین (ع) کے چہلم کے موقع پر لاہور کا بڑا حصہ سیل

حضرت امام حسین (ع) کے چہلم کے موقع پر لاہور کا بڑا حصہ سیل
اسلام ٹائمز۔ چہلم نواسہ رسول (ع) کا مرکزی جلوس اندرون دہلی گیٹ حویلی الف شاہ سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا چوک پرانی کوتوالی پہنچا جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی، نماز کے تمام انتظامات امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن موچی گیٹ یونٹ نے کئے تھے۔ نماز کی امامت ممتاز عالم دین اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ سید حیدر علی موسوی نے کی۔ انہوں نے نمازیوں اور جلوس کے شرکا سے اپنے خطاب میں کہا کہ نمائش چورنگی پر دھماکے حسینیوں کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں سندھ گورنمنٹ اس کے ذمہ دار ہے۔ نواسہ رسول اللہ کی عظمت اور خاندان رسالت کیلئے ہم اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کو تیار ہیں، یہ جلوس ظالموں کیخلاف حق پرستوں کا احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں چہلم نواسہ رسول اللہ حضرت امام حسین (ع) کے جلوس پرامن طور پر رواں دواں ہیں۔ عزادار شرپسندوں کے ناپاک عزائم سے باخبر رہیں اور اسے ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا آج تکفیری گروہ ملک میں جو شر اور فتنہ پھیلا رہے ہیں اس میں ہمارے ہی اداروں کا ہاتھ ہے جو ان حیوانوں کو پروان چڑھاتے رہے اور آج نوبت یہ آن پہنچی ہے کہ یہ پاکستان کی سالمیت کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں حضرت امام حسین (ع) کے چہلم کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی غرض سے شہر کا بڑا حصہ سیل کر دیا گیا، موبائل سروس بند کرنے کے علاوہ ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی۔ چہلم کے سلسلہ میں نکالے جانے والے جلوس کے مرکزی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر کے بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، اس موقع پر صوبہ کے تمام حساس اضلاع میں موبائل فون کی سروس معطل کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق موبائل سروس اور موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی وزارت داخلہ کی طرف سے ہدایات ملنے پر عائد کی گئی ہے، تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور عملہ کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے لیے خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے۔

حضرت امام حسین (ع) کے چہلم کے علاوہ لاہورمیں حضرت داتا گنج بخش کے جاری عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے لاکھوں زائرین کے باعث داتا دربار اور گامے شاہ کربلا جانے والے راستوں کو سیل کر کے ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے، دربار پر حاضری دینے والے زائرین اور گامے شاہ کربلا میں جانے والے عزاداروں کو واک تھرو گیٹس سے گزارنے کے علاوہ میٹل ڈیٹکٹر سے چیک کرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی ہے، خواتین کے بیگز کو بھی مکمل چیک کرنے کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے، ڈیوٹی پر موجود پولیس آفیسر نے بتایا کہ شہر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

ادھر جلوس اپنے مقرر راستوں سے ہوتا ہوا منزل کی جانب رواں ہے۔ جلوس کے راستے میں بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ عزادار ماتم داری کر رہے اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے نوحہ خوانی بھی کی جا رہی ہے، جلوس کے راستے میں پانی، شربت اور چائے کی سبلیں لگائی گئی ہیں جبکہ مختلف جگہوں پر عزاداروں کے لئے نیاز امام حسین علیہ السلام کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ جلوس میں عورتوں اور بچوں سمیت ہر عمر کے افراد شریک ہیں جو واقعہ کربلا میں جام شہادت نوش کرنے والوں سے اپنے اپنے انداز میں اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔ جلوس نماز مغرب کے قریب کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہو گا جہاں بھاٹی چوک میں عزادار زنجیر زنی کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 333847
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش