0
Monday 6 Jan 2014 23:42

ایم کیو ایم نسل پرست اور تنگ نظر جماعت ہے، سندھ دھرتی کی تقسیم کا کسی کو اختیار نہیں، بی این پی مینگل

ایم کیو ایم نسل پرست اور تنگ نظر جماعت ہے، سندھ دھرتی کی تقسیم کا کسی کو اختیار نہیں، بی این پی مینگل

اسلام ٹائمز۔ بی این پی (مینگل) نے گذشتہ روز ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے سندھ دھرتی کو تقسیم کئے جانے والے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی گود میں جنم لیکر پلنے والی جماعت کو ہرگز یہ حق حاصل نہیں، کہ وہ سندھیوں کی تاریخی دھرتی پر قبضہ گیری جیسے توسیع پسندانہ عزائم کو آگے بڑھانے کی خاطر اپنی بلیک میلنگ، موقع پرستی، مفاد پرستانہ طرز سیاست کے ذریعے لوگوں کو مزید بے وقوف بنا سکے۔ جاری کئے جانے والے بیان میں کہا گیا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مذکورہ جماعت شاؤنسٹ نسل پرست اور تنگ نظر جماعت کی حیثیت سے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کی ایماء پر یہاں کے محکوم اقوام بلوچ، سندھی، پشتون اور دیگر اقوام کو محض اپنی غیر قانونی بالادستی اور اجارہ داری برقرار رکھنے کیلئے قتل و غارت گری اور ظلم و جبر کا نشانہ بنا کر بربریت کا ثبوت دیتی رہی ہے۔ قومی سوال کی تحریکوں اور جدوجہد کو زائل کرنے کے لئے اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی میں اپنے سازشی کردار سے کبھی بھی باز نہیں آئی۔ جو تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہاں کی اقوام کے ساتھ گذشتہ 67 سالوں سے روا رکھے گئے ظلم و جبر میں مذکورہ جماعت برابر کی شریک رہی ہے۔ قوموں کے حق حاکمیت واک و اختیار ساحل اور وسائل وجود اور شناخت سے انکاری استعماری قوتوں نے حالیہ انتخابات میں اپنے من پسند افراد اور جماعتوں کو کامیاب بنا کر بلوچ سندھی عوام کے حق رائے دہی کو تسلیم کرنے سے انکار کیا۔ آج باہر سے لائی گئی بڑھتی آبادی کی یلغار کے ذریعے بلوچوں اور سندھیوں کو اپنی دھرتی ماں سے بےدخل کرنے اور اقلیت میں بدلنے کے بعد برابری کی بنیاد پر حقوق سلوگن، دراصل اسٹیبلشمنٹ کی محکوم قوموں کو مزید پسماندہ رکھنے اور حقوق سے محروم کرنے اور بدترین استحصالی کا منصوبہ ہے۔ جو کہ 21ویں صدی میں کسی بھی ذی شعور انسان کے لئے ناقابل قبول ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچ اور سندھی تحریکوں میں موجود قوم و وطن دوست جماعتوں ان کے اکابرین اور سیاسی کارکنوں کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کے سبب ان قوتوں کو مزید شکست سے دوچار کرنا کسی کے بس میں نہیں ہو گا۔

خبر کا کوڈ : 338231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش