0
Thursday 16 Jan 2014 21:44

پشاور بم دھماکہ قابل مذمت، فوج اور حکومت طالبان کے بارے میں حتمی فیصلہ کرلیں، الطاف حسین

پشاور بم دھماکہ قابل مذمت، فوج اور حکومت طالبان کے بارے میں حتمی فیصلہ کرلیں، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں واقع تبلیغی مرکز کے اندر بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں نماز مغرب کی ادائیگی میں مصروف متعدد نمازیوں کے شہید و زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین تبلیغی مرکز میں بارودی دھماکہ کے ذمہ دار طالبان دہشت گردوں کی دہشت گردیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں پاکستان کے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کے روز مرہ واقعات پر حکومت اور مسلح افواج کب تک خاموش تماشائی بنی رہیں گی؟ اب وقت آگیا ہے کہ اگر حکومت اور مسلح افواج نے ایک ہفتہ کے اندر اندر معصوم شہریوں کو خاک و خون میں نہلانے والے ان دہشت گردوں سے نمٹنے کا کوئی حتمی فیصلہ کرلیں کیونکہ اگر وہ اب بھی کوئی فیصلہ نہیں کرسکیں تو شاید پھر وہ کبھی بھی نہیں کرسکیں گی۔

الطاف حسین نے کہا کہ جو سیاسی رہنماء اور جماعتیں سفاک طالبان دہشت گردوں کی جانب سے مساجد میں نماز پڑھتے ہوئے نمازیوں، امام بارگاہوں، بزرگان دین کے مزارات، غیر مسلموں کی عبادت گاہوں، بچیوں کے اسکولوں یا مخصوص سیاسی و مذہبی جماعتوں کے جلسوں میں بم دھماکوں کے عمل پر طالبان کی حمایت کرتی ہیں، انہیں مسلمان اور پاکستانی بھائی قرار دیتی ہیں ایسے سیاسی و مذہبی رہنما اور جماعتیں بھی طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں میں برابر کی شریک ہیں، اب قوم کو اب جاگنا ہوگا اور طالبان کے حمایتی لیڈروں اور سیاسی جماعتوں کا سوشل بائیکاٹ کرنا ہوگا ورنہ کل دہشت گردی کی یہ آگ کسی کے گھر میں بھی لگ سکتی ہے اور اس کا شکار کسی کے بھی والدین، بہن بھائی یا دیگر اہل خانہ بن سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 341839
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش