0
Monday 27 Jan 2014 22:01

ہمیں مفادات سے بالاتر ہو کر شرپسندوں کیخلاف متحد ہونا ہو گا، گورنر پنجاب

ہمیں مفادات سے بالاتر ہو کر شرپسندوں کیخلاف متحد ہونا ہو گا، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے چاہئیں اور ملک میں قانون کی بالادستی اور آئین کی مضبوطی کے لئے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت پھل پھول رہی ہے اور وقت گزرنے کیساتھ ساتھ جمہوری نظام میں بہتری آتی رہے گی اور اس کے ثمرات عوامی سطح پر نظر آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے آج لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آج پوری قوم دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ہمیں ہر قسم کی سیاسی وابستگی اور مفادات سے بالا تر ہو کر ایسے شرپسند عناصر کیخلاف متحد ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں میڈیا کا کردار قابل تعریف ہے جو تمام تر مشکلات کے باوجود حق کی آواز بلند کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو ایک مضبوط اپوزیشن کے طور پر اپنا کردارادا کرتے ہوئے معاشرے کی اصلاح اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہئے۔

قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ میڈیا کا یہ فرض ہے کہ وہ بغیر کسی سیاسی دباؤ اور وابستگی سے بالا تر ہو کر حق کی آواز بلند کرے اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے قلم کے ذریعے جہاد کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ جہاں جہاں اپوزیشن کمزور ہے وہاں میڈیا نے اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے حق کی آواز کو بلند کیا ہوا ہے۔ یہ بات انہوں نے لاہور ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب نمائندوں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ گورنر ہاؤس لاہور میں ہونیوالی اس تقریب میں پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خلیل سمیت مختلف یونیورسٹیوں کے سربراہان اور میڈیا کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ میں پاکستان کا مستقبل محفوظ اور تابناک دیکھ رہا ہوں جس میں میڈیا ایک اہم ستون کے طور پرملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر کرے گا۔

انہو ں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کی کنجی تعلیم کا فروغ ہے جس کیلئے حکومت کیساتھ ساتھ ہر شخص کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر کوششیں کرنا ہو ں گی۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں ستر لاکھ سے زائد ایسے بچے ہیں جو سکول کا رخ نہیں کرتے جبکہ سکول جانیوالے بچوں میں66 فیصد بچے ایسے ہیں جو مڈل یا میٹرک تک پہنچنے سے پہلے ڈراپ ہو جاتے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ سکولوں میں بچوں کی انرولمنٹ میں اضافے کیساتھ ساتھ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم کا یکساں نصاب متعارف کرانے اور دینی مدارس کو تعلیم کے دھارے میں شامل کرنے کی ضرورت ہے ۔ گورنر پنجاب نے میڈیا کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، انہو ں نے اس ضمن میں اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔گورنرپنجاب نے اس موقع پر ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔
خبر کا کوڈ : 345662
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش