0
Thursday 20 Feb 2014 19:06

بلوچستان، سرکاری استاتذہ کا صوبہ بھر میں میٹرک امتحانات کی ڈیوٹی دینے سے بائیکاٹ کا اعلان

بلوچستان، سرکاری استاتذہ کا صوبہ بھر میں میٹرک امتحانات کی ڈیوٹی دینے سے بائیکاٹ کا اعلان

اسلام ٹائمز۔ گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے رہنماء محمد نواز جتک نے کوئٹہ میں وزیراعلٰی بلوچستان کی جانب سے دو امتحانی مراکز کے عملے کو معطل کرنے کے خلاف صوبہ بھر میں میٹرک امتحانات کی ڈیوٹی دینے سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلاجواز اساتذہ پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ اساتذہ نے ہمیشہ اپنا جان جوکھوں میں ڈال کر فرائض سرانجام دیئے۔ مردم شماری ہو یا خانہ شماری، الیکشن ہو یا پولیو، اساتذہ پیش پیش رہے۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری محمد قاسم کاکڑ و دیگرعہدیدارن بھی موجود تھے۔ محمد نواز جتک نے کہا کہ جی ٹی اے کے قائدین جس دورے پر نکلے تھے شاید ہمارا دورہ ان کو پسند نہیں۔ کیونکہ ان کے پول کھل جاتے۔ جو کام وزیراعلٰی، سیکرٹری تعلیم، ڈائریکٹر تعلیم، نہیں کرسکتے، وہ کام ہم اساتذہ نے کیے ہیں۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے کوئٹہ میں دو سینٹروں کا دورہ کیا۔ جہاں نقل نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔ لیکن اس کے باوجود وزیراعلٰی بلوچستان نے عملہ کو معطل کردیا۔ اساتذہ کے خلاف یہ انتقامی کاروائیاں ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ صرف ان چھ اساتذہ کو معطل نہیں کیا گیا بلکہ بلوچستان کے 55 ہزار اساتذہ کو معطل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی ٹی اے وہ واحد جماعت ہے جو پورے بلوچستان میں اساتذہ کی نمائندہ تنظیم ہے۔ ہم اسطرح کے اقدام کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو سینٹروں کے عملہ کی معطلی کے خلاف ہم آج سے بلوچستان بھر میں میٹرک کے امتحانات کی ڈیوٹیاں دینے سے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں۔ ہمارا احتجاج اساتذہ کی باعزت بحالی تک ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب صرف باتوں سے نہیں آ سکتا بلکہ عملی کام کرنے سے آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کے فرنیچرز اور ٹاٹ کیلئے ایک ارب بیس لاکھ روپے کا ٹینڈر ہونا تھا جو اب تک نہیں ہوا۔ بلوچستان کے مختلف سکولوں میں بچوں کے بیٹھنے کیلئے ٹاٹ اور فرنیچرز موجود نہیں ہے جبکہ خزانے میں محکمہ تعلیم کیلئے پینتالیس ارب روپے موجود ہیں۔ ہم وزیراعلٰی بلوچستان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا وہ ان پیسوں کو سود کے ذریعے دگنا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خانہ شماری ہو یا مردم شماری الیکشن ڈیوٹی ہو یا پولیو مہم ہمیشہ اساتذہ کو قربانی کا بکرا بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی بلوچستان اساتذہ کو معطل کرنے کے بجائے تعلیمی اداروں پر خصوصی توجہ دیں۔ انہیں سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ اس سے تعلیمی اداروں میں بہتری آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک معطل اساتذہ کو باعزت بحال نہیں کیا جاتا۔ گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن صوبہ بھر میں میٹرک کے امتحانات کی ڈیوٹی سے بائیکاٹ جاری رکھے گی۔

خبر کا کوڈ : 353752
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش