0
Saturday 22 Feb 2014 22:12

1973ء کا آئین متفقہ ہے اور پوری قوم اس پر متحد ہے، ڈاکٹر وسیم اختر

1973ء کا آئین متفقہ ہے اور پوری قوم اس پر متحد ہے، ڈاکٹر وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا ہے کہ 1973ء کا آئین قرآن وسنت کی اساس پر مبنی ہے۔ آئین کو غیر اسلامی قرار دینا درست نہیں۔ اسلامی نقطہ نگاہ سے آئین پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے تو پاکستان میں اسلامی نظام نافذ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ1973ء کا آئین متفقہ ہے اور پوری قوم اس پر متحد ہے۔ اس بحث میں الجھنے کی بجائے تشدد، لاقانونیت اور بدامنی کی موجودہ صورتحال کو مذاکراتی عمل کے ذریعے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنائے بغیر پاکستان ترقی وخوشحالی کی جانب گامزن نہیں ہو سکتا۔

جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہا کہ حکومت اور طالبان دونوں کو مذاکرات کی کامیابی کے لئے سنجیدہ اور ذمہ دارانہ طرز عمل اپنانا چاہئے۔ فضائی حملے ہوں یا خودکش دھماکے دونوں صورتوں میں مذاکراتی عمل کامیاب نہیں ہوسکے گا۔ دوطرفہ جنگ بندی ہی مسئلے کا حل ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ امریکہ اور بھارت کی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے مذاکراتی عمل کو تیز تر کرے تا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں شکست کے بعد امریکہ پاکستان کے گلی کوچوں کو''میدان جنگ''بنانا چاہتا ہے۔ ہمیں اس خوفناک ''سازش'' کا ادراک کرنا چاہئے۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن مسئلے کا حل نہیں ہے اس سے حالات مزید خراب ہوں گے۔ قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن سے فوج اور عوام میں''فاصلے'' پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی جنگ میں شمولیت اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ مذاکرات کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ حکومت امریکی جنگ سے'' اعلانیہ'' علیحدگی اختیار کرے۔
خبر کا کوڈ : 354521
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش