0
Saturday 17 May 2014 18:44

سندھ پولیس کیلیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تقریباً 50 ارب روپے مختص

سندھ پولیس کیلیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تقریباً 50 ارب روپے مختص
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں امن و امان کی غرض سے سندھ پولیس کے لئے تقریباً 50 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں تقریباً 41 ارب جبکہ ترقیاتی اخراجات کی مد میں تقریباً 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ پولیس کی ٹریننگ کی مد میں بھی علیحدہ سے ایک ارب روپے خرچ کئے جائیں گے، اس طرح مجموعی طور پر میزانیے کا حجم 51 ارب روپے کے لگ بھگ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے مالی سال 2014-2015 کے لئے امن و امان کی مد میں تقریباً 50 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پولیس کی ٹریننگ کی مد میں ایک ارب روپے بھی رکھے جائیں گے۔
50 ارب روپے میں سے 41 ارب روپے غیر ترقیاتی بجٹ ہوگا جو کہ تنخواہ اور دیگر غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے رکھے گئے ہیں جبکہ ترقیاتی اخراجات کیلئے 9 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سندھ پولیس میں 10 ہزار نئی اسامیوں کے لئے بھی ایک ارب روپے کی رقم مختص ہے، ترقیاتی اخراجات میں بھی زیادہ رقم اسلحے اور جدید گاڑیوں کی خریداری پر خرچ کی جائے گی۔

رینجرز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کا بجٹ ابھی تیاری کے مراحل میں ہے اور ممکنہ طور پر بجٹ کا حجم 51 ارب روپے سے بڑھ سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس سے قبل رواں مالی سال کا میزانیہ 38 ارب روپے رکھا گیا تھا جبکہ سندھ پولیس کو آؤٹ آف بجٹ تقریباً 9 ارب روپے دیئے گئے، اس طرح مجموعی طور پر سندھ پولیس کو سال 2013-2014 کے دوران تقریباً 47 ارب روپے دیئے گئے تاہم مذکورہ بجٹ میں مختلف تھانوں کی تعمیرات اور دفاتر کی تزئین و آرائش کے 50 کروڑ روپے تاحال نہیں مل سکے ہیں۔ مالی سال 2013-2014 کے دوران 5 ارب روپے سے بلٹ پروف جیکٹس، بلٹ پروف گاڑیاں اور دیگر جدید اسلحے کی خریداری کیلئے بھی سندھ پولیس کو دیئے گئے جبکہ 100 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کا عمل جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 383561
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش