0
Thursday 22 May 2014 10:36

تعلیمی سرگرمیوں میں اصلاحات کیلئے وفاقی حکومت اپنا بھرپور مالی تعاون جاری رکھے گی، اسحاق ڈار

تعلیمی سرگرمیوں میں اصلاحات کیلئے وفاقی حکومت اپنا بھرپور مالی تعاون جاری رکھے گی، اسحاق ڈار

اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم محمد نواز شریف یوتھ پروگرام برائے فیس واپسی سکیم کے تحت ملک کے پسماندہ علاقوں خصوصاً بلوچستان کے باصلاحیت ایم اے، ایم ایس سی، ایم فل، ایم ایس اور پی ایچ ڈی کے طلباء و طالبات کی مکمل فیس اب حکومت ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء اور طالبات کی مالی معاونت کے ذریعے سے ملک میں نہ صرف تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی، بلکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ بلوچستان کی اہمیت اور پسماندگی کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر اس اسکیم کا نہ صرف باقاعدہ آغاز بلوچستان سے کیا جا رہا ہے بلکہ اس سلسلے میں ضلع سبی میں یونیورسٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام برائے فیس واپسی سکیم کے لئے وفاقی حکومت نے ایک ارب بیس کروڑ کی خطیر رقم مختص کردی ہے۔ صوبے میں تعلیمی سرگرمیوں میں اصلاحات کیلئے وفاقی حکومت اپنا بھرپور مالی تعاون بھی جاری رکھے گی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کے اس مذکورہ پروگرام سے ملک کے 33 ہزار سے زائد طلباء اور طالبات مستفید ہونگے۔ جبکہ اس اسکیم کے شفاف عمل سے تمام شہریوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سالوں سے ملک ایک شدید بحران سے گزرا ہے جبکہ موجودہ حکومت تمام نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ آئندہ آنے والے نسلیں ملک کو مزید ترقی دے سکیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ بلوچستان کے ساتھ ماضی میں ہونے والی زیادتیوں کو نہیں دہرایا جائے گا۔ حکومت بلوچستان کی تعلیمی پسماندگی اور احساس محرومی دور کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ ملک میں موجود توانائی کے بحران سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت رواں سال بھی گھریلو صارفین کو تین سو ارب روپے کی سبسڈی فراہم کررہی ہے۔ جس سے ملک کی ستر فیصد آبادی مستفید ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کی لئے وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر اٹھائے جانے والے اقدامات سے ملک اگلے چند سالوں میں دس ہزار اضافی میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے قابل ہو جائے گا۔ جو مستقبل میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے کافی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بدعنوانیوں کے باعث ملک کا معاشی نظام تباہ حال کو ہونے کوپ ہنچ گیا تھا تاہم موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک تمام معاشی اعشاریے مستحکم ہو رہے ہیں۔ جس کی تصدیق بین الاقوامی مالیاتی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ بلوچستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے وزیراعظم محمد نواز شریف کی خصوصی دلچسپی کے باعث گوادر پورٹ کو جدید عالمی طرز پر بنایا جارہا ہے۔ جس کے باعث ایک دن روشن بلوچستان سب کے سامنے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی ترقی اور انہیں دیگرصوبوں سے ملانے کے لئے قومی شاہراہوں کا جال بھی وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں، ناراض بلوچ بھائی قومی دھارے میں شامل ہوکر صوبے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ جمہوری نظام میں اپوزیشن کا کردار اہم ہوتا ہے، اپوزیشن جماعتیں حکومتی ترقیاتی پالیسیوں پر تنقید کے بجائے ملک کی بہتری کے لئے تجاویز دے کر اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہے میڈیا مکمل آزاد ہے۔

خبر کا کوڈ : 385023
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش