0
Sunday 8 Jun 2014 21:01

جیو کا لائسنس معطل نہیں غیرمعینہ مدت کیلئے منسوخ کیا جائے،30سنی جماعتوں کا مطالبہ

جیو کا لائسنس معطل نہیں غیرمعینہ مدت کیلئے منسوخ کیا جائے،30سنی جماعتوں کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ اہلسنّت کی 30 جماعتوں نے جیو کا لائنسس معطل نہیں منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ جیو کے سنگین جرم کے مطابق سخت سزا نہ دی گئی تو فیصلہ کن احتجاج کی کال دیں گے۔ قائم مقام چیئرمین پیمرا کی غیرقانونی سربراہی میں صرف سرکاری ممبران پیمرا کا کمزور فیصلہ ناقابل قبول ہے کیونکہ یہ فیصلہ حکومت، جیو اور پیمرا کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ حکومت جیو کو بچانے کی کوششوں سے باز آ جائے۔ جیو کا توہینِ اہلِ بیت اور دفاعی اداروں کو بدنام کرنے کا جرم ناقابل معافی ہے۔ غلطی ثابت ہونے پر جیو کو سنائی گئی سزا ناکافی ہے۔ جیو سے متعلق پرائیویٹ ممبران کے فیصلے پر عمل کیا جائے۔ جیو اور جنگ عوام کو فوج کے خلاف اکسا رہے ہیں۔ جیو مسلسل ریاست مخالف پالیسی پر گامزن تھا۔

رہنمائوں نے کہا کہ حکومت کو توہینِ اہلِ بیت اور دفاعی اداروں کو بدنام کرنے کے جرم کا ارتکاب کرنے والے چینل کی حمایت زیب نہیں دیتی۔ جیو کی پاکستان و اسلام دشمنی پر صرف پندرہ دن کے لیے لائسنس معطل کرنا مذاق ہے۔ پاک فوج کو بدنام کرنے کا سنگین جرم اتنا معمولی نہیں کہ ایک کروڑ جرمانے کے عوض معاف کر دیا جائے۔ بھارت کی ہم نوائی کرنے والے چینل کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ اب بھی وقت ہے کہ حکومت جیو کی حمایت چھوڑ دے۔ ایسا نہ ہوا تو حکومت کو قوم کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس بات کا اعلان سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام جامعہ رضویہ مظہر الاسلام میں منعقدہ اہلسنّت جماعتوں کے ہنگامی مشترکہ اجلاس کے اعلامیہ میں کیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کی۔

اجلاس میں سنی اتحاد کونسل، مرکزی جمعیت علمائے پاکستان، انجمن طلبائے اسلام، انجمن نوجوانانِ اسلام، سنی علماء بورڈ، پاکستان فلاح پارٹی، مصطفائی تحریک، مشائخ اہلسنّت کونسل، تاجدارِ ختمِ نبوّت فاؤنڈیشن، تحریک فروغِ اسلام، رُشد الایمان فاؤنڈیشن، سنی تنظیم القرآء، استحکامِ پاکستان کونسل، جانثار، بزمِ محدثِ اعظم پاکستان، انجمن فدایانِ رسول، مصطفائی جسٹس فورم، سپاہِ مصطفی، مرکزی مجلس چشتیہ، انجمن خدّام الاولیاء، محافظانِ اہلسنّت، تحریک نفاذ فقہ حنفیہ، جماعت الصالحین، سنی فاؤنڈیشن، مشائخِ اہلسنّت محاذ، سنی علماء فورم اور دوسری جماعتوں کے راہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس سے صاحبزادہ حسین رضا، صاحبزادہ فیض رسول رضوی، مفتی محمد اقبال چشتی، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، محمد اکرم رضوی، علامہ حافظ قمر نورانی، پیر طارق ولی چشتی، مفتی محمد رمضان جامی، ملک بخش الٰہی، میاں فہیم اختر، علامہ مشتاق احمد نوری اور دوسرے راہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پیمرا کے پرائیویٹ ممبران کی عدم موجودگی میں ہونے والے فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ جیو کے خلاف پیمرا کا تازہ فیصلہ جیو کو بچانے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔ جیو بھارت کی آواز بنا ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 390271
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش