0
Tuesday 10 Jun 2014 08:56

پاک بھارت مذاکرات میں کشمیریوں کو بھی شامل کیا جائے، چوہدری عبدالمجید

پاک بھارت مذاکرات میں کشمیریوں کو بھی شامل کیا جائے، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی تسلط کے خلاف نوجوانوں کی تحریک کو کچلنے کے لیے تشدد اور طاقت کا استعمال بڑھا دیا ہے جو قابل مذمت ہے۔ کشمیری بھارت کے جبر اور تشدد کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ امریکہ نے کشمیر کے متعلق بھارت کا دعویٰ مسترد کر دیا ہے اور اسے دونوں ممالک کے درمیان حل طلب مسئلہ قرار دیا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے قابل عمل حل کے لیے پاک بھارت مذاکرات میں کشمیریوں کو بھی شامل کیا جائے۔ وہ پیر کے روز یہاں کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی سے گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے اپنے دورہ ترکی کے متعلق وزیراعظم آزادکشمیر کو بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے تحریک قیادت کے غیرملکی دورے خوش آئندہ ہیں۔ ترکی کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ ترکی نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر بیس کیمپ کی حکومت کی اولین ترجیجات میں شامل ہے۔ تحریکی محاذ پر آزاد حکومت اپنے وسائل سے بڑھ کر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی و سفارتی حمایت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کوآرڈینیشن کونسل کے تحت مسئلہ کشمیر کے حل، کشمیریوں کی منصفانہ تحریک آزادی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بے نقاب کرنے کے لیے سرگرمیوں کا کیلنڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیر پر بھارت نے اپنی ہٹ دھرمی نہیں چھوڑی اور وہ تسلسل کے ساتھ کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم کشمیری طلباء کے خلاف بھارت نے انتقامی کاروائیاں بند نہیں کیں ہیں اور انہیں بھارتی تعلیمی اداروں سے بے دخل کیا جا رہا ہے اور دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں جاری نوجوانوں کی تحریک مزاحمت کو کچلنے کے لیے بھارت طاقت کا اندھا دھند استعمال کر رہا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق عالمی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت ملنے تک چین سے نہیں بیٹھے گے۔ چوہدری مجید نے کہاکہ امریکہ کے دفاعی ادارے پنٹاگون کے ترجمان نے آزادکشمیر کو بھارت کا حصہ ماننے سے انکار کیا ہے اور کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان حل طلب مسئلہ قرار دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 390687
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش