0
Monday 4 Oct 2010 09:05

صدر،وزیراعظم،آرمی چیف ملاقاتیں فوٹو سیشن کیلئے نہیں ہوئیں،13 اکتوبر کے بعد بھی حکومت قائم رہے گی،گیلانی

صدر،وزیراعظم،آرمی چیف ملاقاتیں فوٹو سیشن کیلئے نہیں ہوئیں،13 اکتوبر کے بعد بھی حکومت قائم رہے گی،گیلانی
لاہور:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صدر،وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقاتیں تصویروں کے بغیر بھی ہو رہی ہیں،ٹرائیکا ملاقاتیں صرف فوٹو سیشن کے لئے نہیں ہوتیں،ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے بھی کرنے پڑے تو کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 13 اکتوبر بھی گزر جائے گا اور حکومت قائم رہے گی،سازشیوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا، عدلیہ بھی جمہوریت کی خواہاں ہیں،نوازشریف بھائی ہیں،پارلیمنٹ میرے ساتھ ہے اور مسلم لیگ ن سے غیر مشروط دوستی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فوج کو سیاست میں لانے کی باتیں نہ کی جائیں۔ اتوار کو یہاں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں سے گفتگو اور گورنر پنجاب سلمان تاثیر سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ سیاست کو ذاتی اختلافات سے بالاتر ہونا چاہیے،کسی کی ذاتیات پر کیچڑ اچھال کر سیاسی ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ ملک میں خودکشیوں اور مہنگائی کو کم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں،پیپلزپارٹی کی حکومت اپنے منشور کے مطابق عمل پیرا ہے،ملکی استحکام کیلئے معاشی استحکام ضروری ہے اور ہم اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں،میثاق جمہوریت کے 32 میں سے 27 نکات پر عمل ہو چکا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف میرے بھائی ہیں،ان سے ملاقات کیلئے وقت لینے کی ضرورت نہیں،کیونکہ ان کا گھر میرا دوسرا گھر ہے،مسلم لیگ (ن) کے ساتھ غیر مشروط دوستی ہے،نواز شریف نے یہ تو نہیں کہا کہ حکومت کے آپشن ختم ہو گئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کابینہ کا حجم کم کرنے پر غور کریں گے،پاکستان میں فوج،عدلیہ سمیت تمام دارے جمہوریت پسند ہیں اور وہ جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے خلاف سفارتی سطح پر آواز اٹھا رہے ہیں،نیٹو نے پاکستانی علاقوں میں کارروائی پر معافی مانگ لی ہے، نیٹو کی سپلائی سیکورٹی کی صورتحال دیکھ کر بحال کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے عالمی امداد پر ہم ان کے شکر گزار ہیں،عالمی سطح پر ہم نے یہ تاثر دیا ہے کہ ہم سیلاب زدگان کیلئے متحد ہیں،حکومت ملک میں غیر ملکی سرمایہ لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ این آر او سے مستفید ہونے والوں کی فہرست آئے گی،تو پھر قانون کے مطابق اس کا جائزہ لیں گے،ساتھ ہی این آر او کی فہرست میں اگر کوئی وزراء موجود ہوئے تو ان کے بارے میں بھی فیصلہ کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ میڈیا غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے والے عناصر کو بے نقاب کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین نیب کے تقرر کیلئے مشاورت جاری ہے۔ گورنر پنجاب سلمان تاثیر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ وفاقی حکومت سیلاب زدگان کی بحالی کو اولین ترجیح دے رہی ہے،جبکہ سیلاب زدہ علاقوں کی تعمیر نو بھی حکومت کے بحالی اقدامات میں سرفہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیکر ملک میں ایک نئی سیاسی روایت کی بنیاد رکھی ہے،جبکہ حکومت نے انتقام اور محاذ آرائی کی سیاست کا خاتمہ کر کے ملک میں رواداری،دور اندیشی، صبر و تحمل اور برداشت کی سیاست کو متعارف کروایا ہے،سیاست کو ذاتی اختلافات سے بالاتر ہونا چاہئے۔اس موقع پر وزیراعظم نے پی پی پی کے کارکنوں کی جانب سے سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کیلئے کئے جانیوالے غیر معمولی اقدامات کو بھی بھرپور سراہا۔

خبر کا کوڈ : 39146
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش