0
Friday 27 Jun 2014 15:07

آزاد کشمیر میں ٹرانسپورٹ ویلفئیر فاؤنڈیشن قائم کی جائے گی، عبدالمجید

آزاد کشمیر میں ٹرانسپورٹ ویلفئیر فاؤنڈیشن قائم کی جائے گی، عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے آزادکشمیر بھر میں ٹریفک حادثات کا سبب بننے والی کھٹارہ گاڑیوں کے خلاف فوری آپریشن کر کے انہیں ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ شعبہ ٹرانسپورٹ سے وابستہ خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ٹرانسپورٹ ویلفئیر فاؤنڈیشن قائم کی جائے گی۔ دولائی کے مقام پر دریائے جہلم پر لگی ڈولی برج کو فوری ہٹایا جائے۔ ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فوری معاوضوں کی ادائیگی پر وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر مبارک باد کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کے روز وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ضلع مظفرآباد میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین میں 3،3لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر، وزیر جنگلات جاوید ایوب، پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی، ڈپٹی کمشنر سہیل اعظم اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی حمید مغل موجود تھے۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے وزیر ٹرانسپورٹ کو متحرک کردار ادا کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ مجھے اپنے وزیر ٹرانسپورٹ پر فخر ہے انہوں نے اس محکمے کو زندہ کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ بیشتر ٹریفک حادثات کی وجہ کھٹارہ گاڑیوں ہیں جن میں الٹریشن کرکے زیادہ گنجائش بڑھائی گئی ہے اور سب سے زیادہ کھٹارہ اور پرانی گاڑیاں مظفرآباد، حویلی، ہٹیاں، اٹھمقام راولاکوٹ کے اضلاع میں ہیں۔ انہوں نے مظفرآباد انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ان کھٹارہ اور پرانی گاڑیوں کو ضبط کریں تاکہ یہ لوگ انسانی جانوں سے نہ کھیل سکیں۔ وزیراعظم نے ٹرانسپورٹ کے شعبہ سے وابستہ خاندانوں کے ٹرانسپورٹ ویلفئیر فاؤنڈیشن کے قیام کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اسے عملی جامہ پہنانے کی بھی ہدایت کی۔ 

وزیراعظم نے کہاکہ ٹرانسپورٹر جو اس شعبہ سے اربوں روپے کماتے ہیں ان سے بھی متاثرین حادثات کے لیے رقم لیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ اسمبلی کے بجٹ کے اجلاس کے بعد اجلاس بلا کر پورے آزادکشمیر کے لیے سرکلر جاری کریں گے کہیں بھی کھٹارہ گاڑیوں نہیں چلیں گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے مظفرآباد کے قریب دولائی کے مقام پر دریائے جہلم پر لگی ڈولی کو فوری شہریوں کی حفاظت جان کے لیے ہٹانے کا حکم دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس ڈولی پر گنجائش سے زیادہ افراد سوار کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔ 

قبل ازیں وزیر ٹرانسپورٹ نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو بتایا کہ 2013ء سے اب تک پورے آزادکشمیر میں ٹریفک حادثات کے 202 کیسوں کو ادائیگی ہو چکی جبکہ 62 کیسوں میں لواحقین کو ادائیگیاں ہونا ہیں۔ پاکستان میں اس وقت سب سے زیادہ معاوضہ 2 لاکھ رپے ہے۔ جبکہ آزادکشمیر میں 3 لاکھ روپے دئیے جا رہے ہیں جن میں سے 50% انشورنس سے آتی ہے۔ حادثے کے بعد فنڈز دستیابی کی صورت میں ایک ہفتہ کے اندر ادائیگی کر دی جاتی ہے۔ اس سال ٹرانسپورٹروں پر انشورنس ٹیکس کی مد سے 2کروڑ 75لاکھ روپے جمع ہوئے۔ 

طاہر کھوکھر نے کہاکہ آزادکشمیر میں سرکاری ملازمتوں کے بعد سب سے زیادہ 40ہزار خاندانوں کا روزگار ٹرانسپورٹ کے شعبہ سے وابستہ ہے اس شعبہ کی ترقی کے لیے آئندہ مالی سال کے دوران گرین کیپ سکیم کے تحت 500 نئی گاڑیاں لا رہے ہیں تاکہ کھٹارہ گاڑیوں کے مسئلہ سے نمٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ حادثات مظفرآباد میں ہوئے ہیں جس کی وجہ کھٹارہ گاڑیاں ہیں۔ تقریب کے آخر میں وزیراعظم آزادکشمیر نے ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین میں 3،3لاکھ کے امدادی چیک تقسیم کیے
خبر کا کوڈ : 395499
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش