0
Friday 5 Sep 2014 12:39
پاکستان کی وزارتِ عظمٰی پھولوں کی سیج نہیں

جمہوریت اور قانون کی بالا دستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، نواز شریف

جمہوریت اور قانون کی بالا دستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جمہوریت اور قانون کی بالا دستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ رات کو جو واقعہ اعتزاز احسن کے ساتھ پیش آیا وہ بڑی بدقسمتی ہے جس پر دکھ ہوا، جیسے ہی واقعہ کا علم ہوا تو اپوزیشن رہنماؤں سے معذرت کی، قائد حزب اختلاف نے بھی واقعہ پر ٹھیک ٹھاک کلاس لے لی ہے، میں نے اعتزاز احسن سے گذشتہ روز پیش آنے والے واقعہ پر معذرت کی اور چاہوں گا کہ اعتزاز احسن بھی درگزر سے کام لیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے اقتدار کی کوئی پروا نہیں ہے، وزیراعظم بننا کوئی پھول کی سیج نہیں ہے بلکہ اس راہ پر کانٹے ہی کانٹے ہیں، چاہتا ہوں کہ جس مقصد کے لئے ہم آج ایک ہیں اس کو آگے بڑھائیں اور جو ہمیں ایک دوسرے پر گلے شکوے ہیں ان معاملات کے حل ہونے کے بعد ان ایشوز پر بھی مل کر بات کر لیں گے۔ اگر آج پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتی اور ہم اپوزیشن میں ہوتے تو ہم بھی اسی طرح ان کا ساتھ دے رہے ہوتے۔ انھوں نے کہا کہ جب گذشتہ برس طاہرالقادری نے اسلام آباد میں دھرنا دیا تھا تو میں نے آصف علی زرداری اور خورشید شاہ سے پوچھے بغیر ہی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بلا کر جمہیوریت کی خاطر حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اعتزاز احسن اور خورشید شاہ سے معذرت کرتا ہوں، ہم ججز کی بحالی میں اکٹھے رہے، یہ مرحلہ گزر جائے پھر ہم سارے معاملات بیٹھ کر طے کریں گے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اگر آج پیپلزپارٹی کی حکومت ہوتی تو میں بھی اتنی ہی یکجہتی کا ثبوت دیتا، پچھلی بار جب طاہرالقادری اسلام آباد آئے تو میں نے لاہور میں تمام رہنماؤں کو بلا کر قرارداد منظور کی تھی۔ نواز شریف نے کہا کہ خورشید شاہ اور اعتزاز احسن صاحب سے معذرت کرتا ہوں، چاہتا ہوں کہ وہ در گزر فرمائیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ رات خورشید شاہ اور اعتزاز احسن سے بات کی، ان سے معذرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ پاکستان کی ترقی کے 20 سالہ ایجنڈے پر پانی پھرتا دکھائی دے رہا ہے، پاکستان کی وزارتِ عظمٰی کوئی پھولوں کی سیج نہیں ہے، اقتدار کی کوئی پروا نہیں، مجھے استعفٰی دینے سے روکنے کیلئے اصل دباؤ حزب اختلاف کا ہے، میرا سر فخر سے بلند ہے کہ پارلیمنٹ نے جمہوریت، آئین اور قانون کی راہ اپنے لیے متعین کرلی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلے شکوے اپنی جگہ لیکن موقع آئے تو ہر چیز بالائے طاق رکھ کر آئین کی بالادستی کیلئے ہمیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا چاہئے، حکومت کو اپوزیشن سے اور اپوزیشن کو حکومت سے گلے شکوے ہوتے ہی ہیں، لیکن جو معاملہ درپیش ہے، وہ بہت بڑا ہے، جن ساتھیوں نے بیچ میں پڑ کر معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی، ان کا بڑا مشکور ہوں۔
خبر کا کوڈ : 408322
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش