0
Saturday 20 Sep 2014 00:29
کپتان نے بل جلا دیا، چوری ہونیوالی بجلی کا بل کیوں ادا کروں

نواز شریف کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ میں یہاں سے تھک کر چلا جاؤنگا، عمران خان

نواز شریف کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ میں یہاں سے تھک کر چلا جاؤنگا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ آج ظلم کے خلاف آواز نہیں اٹھائی تو ہمارا بہت برا حال ہوگا۔ نواز شریف جہاں جائیں گے ایک ہی نعرہ سنیں گے، گو نواز گو۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو سب کا احتساب کریں گے، عمران خان نے خطاب کے دوران اپنا بجلی کا بل بھی جلا دیا۔ تفصیلات کے مطابق سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے آزادی مارچ کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اپنا موازنہ قائد اعظم سے نہ کریں، قائد اعظم نے اپنی فیکٹریاں بنانے کے لئے پاکستان نہیں بنایا تھا، قائد اعظم ٹیکس دیتے تھے اور نواز شریف نہیں دیتے، اگر آج ظلم کے خلاف آواز نہیں اٹھائی تو ہمارا بہت برا حال ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جہاں جائیں گے ایک ہی نعرہ سنیں گے، نواز شریف کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، وہ یہاں سے تھک کر نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن مک مکا کر رہے ہیں، اوپر سے لڑائی اور اندر سے بھائی بھائی ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو سب کا احتساب ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اسی فیصد اضافہ کیا۔ چوری ہونے والی بجلی کا بل کیوں ادا کروں۔ عمران خان نے دھرنے میں شرکاء کے سامنے  اپنا بجلی کا بل بھی جلا دیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک کے تحت دھرنے میں اپنا بجلی کا بل جلا دیا، جبکہ دھرنے میں موجود شرکاء نے بھی اپنے بل جلا ڈالے۔  اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ میں یہاں سے تھک کر چلا جاؤں گا، ہم نے بڑی عید کا پلان بنا لیا ہے، ہم قربانی بھی دھرنے میں ہی کریں گے، کیونکہ اگر ہم یہاں سے چلے گئے تو دھاندلی کی کوئی تحقیقات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا اگر نواز شریف نے استعفٰی نہیں دیا تو ان کے لئے ہر دن مشکل ہوتا جائے گا، جبکہ حکومت نے ہمارے آدھے مطالبات بھی نہیں مانے اور مطالبات ماننے کی باتیں کرکے جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ 
عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے آپ کو قائد اعظم سے نہ ملائیں، قائداعظم نے ملک اقتدار کے لئے نہیں بلکہ پاکستانیوں کے لئے بنایا تھا۔ انہوں نے پاکستان بنایا تھا، فیکٹریاں نہیں بنائیں، قائد اعظم نے ہمیشہ سچ بولا اور نواز شریف کے جھوٹ بے شمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں جمع ہونے کا مقصد قوم کو ان کے حقوق بتانا ہے، جیسے ہی عوام کو اپنے حقوق کا پتہ چل جائے گا، تب کسی بھی حکمران میں عوام کو بھیڑ بکریوں کی طرح رکھنے کی جرات نہیں ہوگی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مزدوروں پر ظلم ہو رہا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، سندھ کے ہاریوں پر جاگیرداروں جیسا ظلم کہیں بھی نہیں دیکھا، ظلم کہیں پر بھی ہو مقابلہ کرنا سب کا فرض ہے اور ہم اسی ظلم کے خلاف اسلام آباد میں بیٹھے ہیں، کیونکہ ظلم و ناانصافی کا مقابلہ کرنا جہاد ہے جبکہ اب عوام بھی ہمارے نظریئے کے لئے اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 410574
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش