0
Wednesday 24 Sep 2014 02:33
افغانستان میں طویل جنگ کا ذمہ دار امریکہ ہے

غیروں کی جنگ ہم پر مسلط کی گئی، امریکہ اور پاکستان افغانستان میں امن نہیں چاہتے، حامد کرزئی

امریکہ بدامنی کو بہانہ بنا کر افغانستان میں اپنے فوجی اڈے قائم رکھنا چاہتا تھا
غیروں کی جنگ ہم پر مسلط کی گئی، امریکہ اور پاکستان افغانستان میں امن نہیں چاہتے، حامد کرزئی
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے اپنے آخری خطاب میں امریکہ پر کڑی تنقید کی ہے۔ کابل کے صدارتی محل میں اپنی آخری تقریر میں حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ "امن عمل اس لئے ناکام ہوا کیونکہ امریکہ امن نہیں چاہتا اور اس کے اپنے مقاصد ہیں۔" انہوں نے کہا کہ یہ جنگ افغانوں کے درمیان نہیں تھی بلکہ "غیر ملکیوں کے مقاصد کے لئے تھی۔" ان کا کہنا تھا آج میں آپ کو دوبارہ بتا رہا ہوں کہ افغانستان کی جنگ ہماری جنگ نہیں ہے "یہ ہم پر مسلط کی گئی ہے اور ہم اس کے متاثرین ہیں۔ امن تب تک نہیں آئے گا جب تک امریکہ اور پاکستان ایسا نہیں چاہیں گے۔" کرزئی نے اپنے جانشین کو واشنگٹن کے ساتھ معاملات میں محتاط رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ وہ کبھی ہمارا دوست نہیں ہوسکتا۔ اس سے قبل افغان صدر حامد کرزئی امریکی کارروائیوں میں عام شہریوں کی ہلاکت پر امریکہ کو تنقید کا نشانہ بناتے آئے ہیں۔ حامد کرزئی نے کہا سکیورٹی کے معاملے پر نیٹو کی کارروائیوں سے افغانستان کو بہت زیادہ تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ ان میں بہت زیادہ جانی نقصان ہوا اور حاصل کچھ نہیں ہوا کیونکہ ملک ابھی تک محفوظ نہیں ہے۔ افغانستان میں طویل جنگ کا ذمہ دار امریکہ ہے۔ امریکہ اور پاکستان طالبان کی سرکردگی میں جاری جنگ کے ذمہ دار ہیں۔
 
اے این این کے مطابق کرزئی نے کہا امریکہ بدامنی کو بہانہ بنا کر افغانستان میں اپنے فوجی اڈے قائم رکھنا چاہتا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا پاکستان کے ”پاور پلیئرز“ افغان خارجہ پالیسی کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں نے افغانستان میں مذاکرات کے ذریعے امن قائم کرنے کی کوشش کی اور اس مقصد کیلئے پاکستان کا 20 مرتبہ دورہ کیا، جہاں زیادہ تر طالبان قیادت موجود ہے مگر میری کوششوں کو ناکام بنایا گیا۔ حامد کرزئی کے بیان پر کابل میں پاکستان اور امریکہ کے سفارتخانوں نے فوری طور پر کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ پاکستان کی ملٹری انٹیلی جنس پر ملک کے معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کیا۔ امریکہ اور پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، 13 سالوں میں بہت سی کامیابیاں حاصل کیں، جس پر خدا کا شکر گزار ہوں۔ کرزئی نے ملک میں حالیہ بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات پر غیر ملکیوں کو موردالزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا عمل شروع ہوتے ہی ملک میں پُرتشدد واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ دہشت گردی اور جنگ کے لئے ہماری سرزمین استعمال کی جاتی رہی، غیر ملکیوں کی جنگ میں قربانیاں ہم دے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 411307
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش